راولپنڈی:(دنیا نیوز) ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل موسیٰ کا جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، جنرل ندیم رضا سے ملاقات ہوئی، سکیورٹی، علاقائی امور سمیت افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی جبکہ باہمی فوجی رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر ترک لینڈ فورسز جنرل موسیٰ اوسیور نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سلامتی اور علاقائی امور سمیت افغانستان میں تازہ ترین پیش رفت کے علاوہ دوطرفہ فوجی رابطوں اور تعاون کو مزید بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقوں کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہر موسم کے دوست ہونے کے ناطے، پاکستان اور ترکی گہرے سٹریٹجک تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کو پائیدار شراکت داری میں تبدیل کرتے رہیں گے۔
جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ قریبی فوجی اور سٹریٹجک تعاون کے لئے دونوں ممالک تمام قومی اور بین الاقوامی امور پر مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔