اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض خان کی گرفتاری پر توہین عدالت کی درخواست دائرہ اختیار نہ ہونے پر نمٹاتے ہوئے متعلقہ فورم لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
عمران ریاض خان کی گرفتاری پر توہین عدالت درخواست کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ عمران ریاض خان کی گرفتاری اٹک میں ہوئی، یہ عدالت پنجاب کی تفتیش نہیں کر سکتی، درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے، اس حوالے سے پٹشنر لاہور ہائیکورٹ کے سامنے معاملہ اٹھا سکتا ہے ، عدالت نے عمران ریاض کے وکیل کو لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔
عمران ریاض کے وکیل نے کہا کہ گزشتہ رات کو عدالت کھولنے پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں ۔ جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیورٹ نے ریمارکس دیئے کہ کوئی بھی درخواست گزار کسی بھی وقت آئے ہم سننے کے لیے تیار ہیں۔