لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہمارے دروازے بات چیت کیلئے کھلے ہیں، آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا۔
سینئر صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہر ایک سے الیکشن پر بات کرنے کو تیار ہیں ، جو بھی بات کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں، بات صرف الیکشن پر ہو سکتی ہے، جن کو مسلط کردیا گیا ہے ڈر ہے وہ ملک کا کیا حال کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی نہیں بلکہ ملک کی فکر ہے، آج عوام جن مشکلات سے دوچار ہے انکے لیے آواز بلند کررہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ میں اپنی فوج کو کبھی کمزور نہیں دیکھ سکتا ، آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا، سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے جوان میرے بچوں کی طرح ہیں، معیشت اور ملک کے ہر بحران کا بہتر حل الیکشن ہیں۔
پارٹی عہدیداران ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں:عمران خان کی ہدایت
سابق وزیراعظم سے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری نے بھی الگ سے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی عہدیداران نے عمران خان کو ضمنی انتخاب کے بارے میں بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں انتظامی مداخلت جاری ہے، پولیس اور ترقیاتی اداروں کا لوٹے امیدواروں کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کو متعدد شکایات بھیجی ہیں کوئی ایکشن نہیں ہوا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی چیئر مین نے پارٹی عہدیداران کو ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، 17جولائی کو عوام بلے پر مہر لگائیں گے، امپورٹڈ حکومت کی معاشی ناکامیوں نے عوام کا برا حال کر دیا ہے، کرپٹ حکمران صرف اپنے کیسز کی فائلیں بند کر رہے ہیں۔