الیکشن کمیشن مخصوص 5 نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری کرے: لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ

Published On 05 July,2022 05:05 pm

لاہور:(دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی مخصوص پانچ نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں کے بارے لاہور ہائیکورٹ نے 13 صفحوں پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

فیصلہ کے مطابق ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کا حکم فوری طور پر الیکشن کمیشن کو جاری کرے-

اس سے قبل زینب عمیر کی طرف سے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور سیمل یعقوب کی طرف سے علی ظفر ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن جاری نہ کرے کے عمل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کے متن کے مطابق اگر کسی رکن کے نااہل ہونے پر مخصوص نشست خالی ہو جائے تو اسے آئین کے آرٹیکل 224 کی شق 6 کے مطابق پُر کیا جائے گا، سوال اٹھتا ہے کہ اگر بڑے پیمانے پر جنرل نشستوں پر ارکان ڈی سیٹ ہو جائیں تو کیا مخصوص نشستوں کا کوٹہ دوبارہ نکالا جائے گا، پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ عام انتخابات کے بعد ایک مرتبہ کوٹہ نکال لیا جائے تو اسے بعد میں بدلا نہیں جا سکتا، ایسی کوئی رکاوٹ نہیں کہ مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کی ترجیحی فہرست سے خالی نشست پُر نہ کی جا سکیں۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پانچ مخصوص نشستوں پر نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی تحریک انصاف کی درخواست 27 جون کو منظور کی تھی۔
 

Advertisement