کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی خالی نشست این اے 245 پر ہونے والے ضمنی الیکشن پر پاکستان تحریک انصاف نے محمود مولوی کو امیدوار نامزد کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر علی زیدی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ این اے 245 سے محمود مولوی پی ٹی آئی امیدوار ہوں گے وہ پی ٹی آئی میں بہت سال سے سرگرم ہیں، انہوں نے بڑی کرپشن پکڑنے اور روکنے میں بہت مدد کی ہے، پورٹ اینڈ شپنگ میں کرپشن پکڑنے میں کافی مدد کی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے 240 میں لڑائی جھگڑا ہوتا رہا پتہ ہی نہیں چلا کہ کیا ہو رہا ہے، اب این اے 245 میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ سے پتہ چلے گا، پی ٹی آئی کتنی بڑی جماعت ہے، پیپلزپارٹی سندھ کی جماعت بن کر رہ گئی ہے جبکہ ایم کیوایم بھی کراچی کےاندرکی جماعت بن کررہ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2019 میں بھی کراچی میں موسلادھار بارش ہوئی تھی، ہم نےنالے صاف کئے تھے، کراچی نہیں ڈوبا، 2020میں ہم نے نالے صاف نہیں کئے تو کراچی ڈوب گیا، اب ہم نے سارے نالے بنوائے سڑکیں بنوائیں، وفاق کی جانب سے 35ارب روپے سے نالے ٹھیک کرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 350میگاواٹ زیادہ بجلی دی تاکہ کراچی کی صنعتیں چلیں کراچی والوں پر لوڈشیڈنگ کا بم گرا ہے انڈسٹری تباہ ہورہی ہے مچھیرے کشتی لیکر پانی میں نہیں جاسکتےکیونکہ ڈیزل مہنگا ہو گیا ان کی معاشی پالیسیز کی وجہ سے ہزاروں گھرانے بربادہوجائیں گے۔