لاہور میں ضمنی انتخابات والے حلقوں کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا

Published On 30 June,2022 06:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہو گیا ہے، تاہم صوبائی دارالحکومت لاہور میں ضمنی الیکشن والے 4 حلقوں کو بجلی کی بلاتعطل ترسیل جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو نے ضمنی انتخابات والے حلقوں کو لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی قرار دے دیا، جن علاقوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں وہاں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر لیسکو نے 214 فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ دے دیا جبکہ انتخابی حلقوں میں تکنیکی خرابیوں کو بھی فوری دور کرنے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق ضمنی الیکشن والے حلقوں میں تکنیکی خرابی فوری دور کرنے کی خصوصی ہدایت کر دی گئی۔

لاہور کے جن 4 حلقوں میں الیکشن ہونے ہیں، ان حلقوں میں پی پی 158، پی پی 167 ، پی پی 168، پی پی 170 شامل ہیں، ان حلقوں میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

پی پی 158 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا احسن شرافت کا مقابلہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کے داماد میاں اکرم عثمان کے ساتھ ہے۔

پی پی 167 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے چودھری شبیر گجر کیساتھ ہے۔

پی پی 168 میں مسلم لیگ ن کے ملک اسد کھوکھر کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے ملک نواز اعوان کے ساتھ ہے۔

پی پی 170 میں مشیر برائے وزیراعظم عون چودھری کے بھائی مسلم لیگ ن کے محمد ذوالقرنین کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے ظہیر عباس کھوکھر کے ساتھ ہے۔

Advertisement