سوات:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ 7 میں ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار فضل مولا کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع سوات کے انتخابی حلقے پی کے 7 پر ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے فضل مولا اور اے این پی کے حسین احمد خان سمیت 4 امیدوار اس نشست پر مد مقابل ہوئے۔
پی کے 7 کے 124پولنگ سٹیشنز کے فارم 47 کے مطابق پی ٹی آئی کے فضل مولا 17 ہزار 395 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ اے این پی کے حسین احمد 14 ہزار 604 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
خیال رہے کہ یہ نشست اے این پی کے وقار خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر آج صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔
حلقے میں 124 پولنگ سٹیشنز اور 308 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے، حلقے میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔