لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ناجائز، الیکشن کمیشن بھی جانبدار ہے، کسی کو اس پر اعتماد نہیں، ملک پر چوروں کو مسلط کردیا گیا ہے، عوام ان کے خلاف ہوگئے، لوٹے ضمیر بیچ کر عوام کی توہین کرتے ہیں، ضمنی الیکشن میں انہیں شکست دینا ہوگی۔
لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گھر گھر جا کر لوگوں کو تیارکرنا ہے، یہ صرف ایک حلقے کا نہیں پاکستان کا الیکشن ہے، چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، موجودہ حکومت ناجائز اور امپورٹڈ ہے، لوٹے کسی صورت اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب کو کہتا ہوں کہ آپ کو قانون کے مطابق چلنا ہے، آپ قانون کے مطابق نہیں چلے تو لوگ آپ کو معاف نہیں کریں گے، عوام ان چوروں کے خلاف ہوچکے ہیں، الیکشن کمیشن پر کسی کو بھی اعتبار نہیں، کیاآپ سب لوٹوں کو ہرانے کیلئے تیار ہو؟، امریکہ کے غلاموں کو ہم شکست دیں گے، تنخواہ دار طبقے پر انہوں نے ٹیکس لگایا ہے۔
قبل ازیں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں کو لوٹوں کو اپنے حلقوں میں شکست دینا ہوگی، لوٹے اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہوں گے، لوٹے ضمیر بیچ کر حلقے کے عوام کی توہین کرتے ہیں، لوٹوں کو ایسی شکست دیں گے کہ دوبارہ ایوان میں نہ آئیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے مارچ کے دوران ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، پولیس سے لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے ،غنڈہ گردی کی جارہی ہے، ملزم حمزہ اور اس کے والد کو شکست دینی ہے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ کو جیت کی پہلے ہی مبارکباد دیتا ہوں، میں ورکرز کنونشن کے لیے آیا تھا آپ نے تو جلسہ کر دیا، انقلاب تب آتا ہے جب اس ملک کے نوجوان تبدیلی کے لیے تیار ہوں، جب خواتین گھر وں سے انقلاب کے لئے نکلیں تب انقلاب آتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمارا ملک ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، ایک طرف زندہ قوم باشعور قوم اور جاگی ہوئی قوم ہے جبکہ دوسری طرف اس ملک کے لٹیرے ، مافیا اور امریکا کے غلام کھڑے ہیں، 17 جولائی کو الیکشن نہیں جہاد ہے، مشرف نے اربوں لوٹنے والوں کو این آر او دے دیا، جوتے چمکانے والا چیری بلاسم کا احتساب ہونے لگا تو نواز شریف دم دبا کر لندن بھاگ گیا، ساتھ منشی اسحٰق بھی چلا گیا، سب اس تاک میں تھے کہ عمران خان جائے اور انہیں این آر او ملے۔
انہوں نے کہا کہ این آر او ٹو میں 11سو ارب روپے کی کرپشن معاف ہوئی ہے، یہ ہمیں امریکا کی غلامی کروانا چاہتے ہیں ، انشااللہ الیکشن جیت کر حمزہ ککڑی کی حکومت ختم کرنا ہے اور الیکشن کروانا ہے، آپ نے میرے ساتھ کھڑے ہونا ہے اور میں نے آپ کو حقیقی آزادی لیکر دینا ہے، ہمارے دور میں ملک آگے گیا۔
عمران خان نے کہا کہ ان غداروں نے سازش کروائی، سارے چور اکٹھے ہوئے اور ہماری حکومت ختم ہوئی، انہوں نے امپائر ساتھ ملائے ہوئے ہیں، ان کو ایسا پھینٹا لگانا ہے کہ یاد رکھیں گے، آپ کے سامنے وہ کپتان کھڑا ہے جو ہندوستان میں ہندوستانی امپائروں کے سامنے انہیں ہرا کر آیا تھا۔
قبل ازیں پی پی 168 کنونشن میں عمران خان کی آمد پر بدنظمی ہوئی، رش کے باعث ہال کا دروازہ ٹوٹ گیا جبکہ دروازے کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی روانگی کے وقت بھی کارکنان کا رش اور دھکم پیل ہوئی۔