جھنگ، لاہور: (دنیا نیوز، علی مصطفیٰ) پاکستان تحریک انصاف کو مقامی سیاست میں بڑی کامیابی ملی ہے، سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے پی ٹی آئی امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دینے پر پاکستان تحریک انصاف کے 25 اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا تھا، جس کے بعد ان خالی حلقوں پر 17 جولائی کو ضمنی الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔
جھنگ میں پی پی 125 اور پی پی 127 پر ضمنی الیکشن ہونے ہیں، جہاں پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں میاں اعظم چیلہ اور مہر نواز بھروانہ کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں فیصل حیات جبوانہ اور مہر اسلم بھروانہ کیساتھ ہو گا۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کو مقامی سیاست میں بڑی کامیابی ملی ہے، جہاں پر سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت پیر قاسم سیالوی کے کہنے پر کر رہا ہوں، ، پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوا تاہم ضمنی الیکشن کی حمایت کی ہے۔
خیال رہے کہ 2018ء کے جنرل الیکشن کے دوران پی پی 127 سے آزاد امیدوار مہر محمد اسلم بھروانہ نے کامیابی حاصل کی تھی ، پی ٹی آئی کے مہر نواز بھروانہ دوسرے نمبر پر رہے تھے جبکہ پی پی 125 میں آزاد امیدوار فیصل حیات جبوانہ نے پی ٹی آئی کے میاں محمد اعظم کو ہرایا تھا۔