شیخوپورہ میں ضمنی الیکشن سے قبل پی ٹی آئی کو بڑی کامیابی مل گئی

Published On 07 July,2022 08:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) شیخوپورہ کی پی پی 140 میں ضمنی الیکشن سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو بڑی کامیابی ملی گئی۔ مقامی مضبوط سیاستدان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دینے پر پاکستان تحریک انصاف کے 25 اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا تھا، جس کے بعد ان خالی حلقوں پر 17 جولائی کو ضمنی الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں بتایا گیا کہ 2018ء کے جنرل الیکشن میں بطور آزاد امیدوار حصہ لینے والے طیاب راشد سندھو نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

یہ اعلان انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد کیا۔ پی ٹی آئی کے شیخوپورہ میں ہونے والے جلسے کے دوران وہ سٹیج پر بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ طیاب راشد سندھو نے 2018ء کے الیکشن کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

خیال رہے کہ 2018ء کے دوران الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میاں خالد محمود 32 ہزار 965 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے جو اس وقت مسلم لیگ ن کے امیدوار کے طور پر ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

پی پی 140 میں ضمنی الیکشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف نے خرم شہزاد ایڈووکیٹ کو ٹکٹ دیا ہوا ہے۔

ضمنی انتخابات، سنی اتحاد کونسل نے تحریک انصاف کی حمایت کر دی

پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد سے سنی اتحاد کونسل کے وفد نے پارٹی آفس میں ملاقات کی سنی اتحاد کونسل کے وفد کی قیادت چیئرمین سید حامد رضا نے کی۔

ملاقات میں پیر طارق ولی ۔نعیم علوی۔میاں اکرم ۔ معین الحق۔ مفتی ڈاکٹر محمد مقیم خان ، نذر محمد گوندل، ڈاکٹر ندیم خواجہ، ڈاکٹرعائشہ شانیلا علی بھی شامل تھے۔

ملاقات میں پنجاب میں ھونے والے ضمنی الیکشن سمیت موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا سنی اتحاد کونسل نے پنجاب میں ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل کی پی ٹی آئی کی حمایت پر شکرگزار ہیں۔ 17جولائی کو فتح تحریک انصاف کی ہو گی۔ امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں،۔ عوام لوٹوں کو اپنے ووٹوں سے عبرتناک شکست دیں گے ۔

 

 

Advertisement