کوئٹہ: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عید کے دوسرے روز بھی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، غربا میں گوشت کی تقسیم کے ساتھ ساتھ گھروں میں خواتین لذیذ پکوانوں کی تیاری میں مصروف ہیں۔
عید کے دوسرے روز بھی جہاں اجتماعی اور انفرادی قربانی جاری ہے وہیں بیشتر شہری قصابوں کے انتظار میں گھڑیا ں گن رہے ہیں۔ عید قربان پر جہاں شہری لذیز پکوان سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تو وہیں سری پائے کے شوقین افراد نے گلی محلوں میں لگائے گئے عارضی تندروں کا رخ کر لیا ہے۔
عید قربان پر کڑاہی گوشت، تکے کباب، باربی کیو کیساتھ بریانی جیسے لذیذ پکوان سے لظف اندوز ہونے کے بعد اب شہریوں نے سری پائے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ سری پائے کی بھنائی کیلئے عارضی تندوروں پر ماہر کاریگر موجود ہیں جو بڑے جانور کے سری پائے ایک ہزار جبکہ چھوٹے جانور کے سری پائے 6 سو روپے کے عوض تیار کر کے شہریوں کی عید کا مزا دوبالا کر رہے ہیں۔ دستر خوان پر گوشت کیساتھ سری پائے کی ڈش نہ ہو تو عید قربان کا مزا ادھورا رہ جاتا ہے۔