اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر عارف علوی کو عید الاضحی کے موقع پر فون کیا، دونوں قائدین نے ایک دوسرے کیلئے خیر سگالی جذبات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلیفون کرکے عید الاضحی کی مبارک دی،صدر مملکت نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو عید کی مبارک دی ۔ اس سے قبل دونوں رہنماوں نے قوم کو بھی مبارکباد دی، صدر مملکت کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے خواہشات کی قربانی ہے، دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ، قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیرکا حامل ہے، اللہ پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ کی عبادات ،حج اور قربانیاں قبول کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری قربانی کا اصل مفہوم ہے، ناداروں اور بے کسوں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کرسکتے ہیں، مہنگائی کی عالمی لہر میں ضرورت مندوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں۔