آبادی پر کنٹرول اور ملکی ترقی میں اضافے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں: وزیراعظم

Published On 11 July,2022 05:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آبادی پر کنٹرول اور قومی ترقی کی شرح میں اضافے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

عالمی یوم آبادی پر پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کی بڑھتی رفتار پر قابو پانا دنیا بالخصوص ترقی پزیر ممالک کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، وسائل اور حقوق کی فراہمی اور آبادی کے اضافے میں ایک توازن پیدا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال عالمی دن پر "8 ارب آبادی کی دنیا، ایسا مستقبل جس میں سب کے لئے وسائل، مواقع اور حقوق کی فراہمی یقینی ہو" کا موضوع نہایت جامع ہے آبادی پر قابو پانا کرہ ارض کے مسائل میں کمی کے ساتھ خواتین کی صحت، تعلیم اور زندگی کے حوالے سے بھی نہایت اہم موضوع ہے

شہباز شریف نے کہا کہ ترقی پزیر ممالک میں کم عمری کی شادیاں، وسائل کی کمی، امراض اور ماؤں کی اموات بڑے چیلنج ہیں، آبادی پر کنٹرول کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، زچہ و بچہ کو بہترین علاج معالجہ کی فراہمی، پیدائش میں مناسب وقفہ، خوراک اور غذائیت کی کمی کے خاتمے جیسے مسائل اہم ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت آبادی پر کنٹرول اور قومی ترقی کی شرح میں اضافے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے ان دونوں اہداف کے حصول کے بغیر مجموعی قومی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔
 

 
Advertisement