لاہور : (دنیا نیوز) ایاز صادق، سلمان رفیق اور اویس لغاری کے بعد صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان نے بھی اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ملک احمد خان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک احمد خان نے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے استعفیٰ دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ملک احمد خان جنوبی پنجاب میں ن لیگ کی انتخابی مہم کی نگرانی کریں گے۔
یاد رہےکہ وفاقی وزیر ایاز صادق اور صوبائی وزیر سلمان رفیق بھی وزارتوں سے استعفے دے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہوں گے جس کیلئے تحریک انصاف اور ن لیگ نے بھرپور انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ یہ نشستیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔ ن لیگ کی انتخابی مہم کی قیادت مریم نواز جبکہ تحریک انصاف کی عمران خان خود کر رہے ہیں۔