لیہ:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ جیتے گی نہیں بلکہ جیت چکی ہے، فتنہ خان انتشار کا دوسرا نام، 17 جولائی کو پنجاب کے دشمن عمران خان سے مقابلہ ہوگا، نا اہلی، مہنگائی اور کرپشن کو شکست دیں گے، مخالفین کو گالیاں دینے والے خیبر پختونخوا کی حالت زار تو دیکھ لیں، آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوں گی۔
لیہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ جلسہ نہیں اللہ تعالیٰ کی شان دیکھ رہی ہوں، لیہ میں اس سے بڑا جلسہ کبھی زندگی میں نہیں دیکھا، لیہ والوں نے اپنے ریکارڈ خود ہی توڑ دیئے ہیں، لیہ میں داخل ہوئی تو میلوں دور جلوس دیکھے، لیہ والوں آپ پر میرا قرض رہا جو خدمت کر کے اتاروں گی، لالہ طاہر کو پیشگی مبارکباد، آپ الیکشن جیت چکے ہیں، 17جولائی کو لیہ سے شیر، شیر شیر کی آواز آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 17 جولائی کو شیر کا مقابلہ گیڈر کی لائی ہوئی مہنگائی، کرپشن، نااہلی، نالائقی اور بے روزگاری سے ہے، شیر کا مقابلہ، فتنہ اور انتشار سے ہے، 17 جولائی کو پنجاب کا مقابلہ پنجاب دشمن عمران خان سے ہے، عمران خان پنجاب کی تباہی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، عمران خان نے پنجاب میں تباہی، نواز شریف نے خوشحالی کے منصوبے لگائے، اسلام آباد کی حدود سے آکر گالم گلوچ کر کے واپس چلا جاتاہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں لوٹ مار کیلئے فتنہ خان نے خواتین کو ٹاسک دیا تھا، مردان اور صوابی ڈوب گئے فتنہ خان پنجاب ڈبونے آگیا ہے، نواز شریف نے سی پیک عمران خان نے جی پیک بنایا، بنی گالا منی گالا بن گیا، کل جلسے میں عمران خان رو رہا تھا، آئی ایم ایف سے معاہدہ کرتے وقت تمہیں رونا نہیں آیا، آلو پیاز کی قیمت پتہ کرنے والی حکومت آگئی تو تمہیں رونا آگیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ یہ اب مگر مچھ کے آنسو بہاتہ ہے، عوام کے رونے کے دن گزر گئے اب فتنہ خان کے رونے کا وقت ہے، عمران خان کو 4 سال مہنگائی کا خیال نہیں آیا، عوام جانتے ہیں تباہی لانے والے کا نام عمران خان ہے، مشکل فیصلے جتنے کرنے تھے کرلیے اب اچھا وقت دستک دے رہا ہے، آئندہ 24 سے 48 گھنٹے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوں گی، وزیراعظم شہباز شریف نے سمری منگوالی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کے بعد 100 یونٹ تک مفت بجلی غریب عوام کو فراہم کی جائے گی، عمران خان تم نے رونا ہے رولو، عمران خان نے 4 سال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہیں کیں، جاتے وقت خزانہ خالی کرنے کیلئے قیمتیں کم کردیں، اب مہنگائی کو ریورس گیئر لگے گا اور ترقی پانچویں گیئر میں جائے گی، کل جلسے میں کہتا ہے پٹرول کی قیمتیں کم کرو، تمہارا کیا تعلق قیمتیں کرنے سے، بیگانے کی شادی میں عبداللہ کو دیوانہ ہونے کی ضرورت نہیں۔