لگاؤ مجھ پر آرٹیکل 6، عدالت کو یہ بتانے کا موقع ملے گا قوم کیساتھ کیا ہوا: عمران خان

Published On 15 July,2022 11:56 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں کو کس نے ملک پر مسلط کیا؟ سازش کیوں ہوئی؟ تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کے بجائے میرے خلاف آرٹیکل 6 کی بات ہو رہی ہے، لگاؤ مجھ پر آرٹیکل 6 ، کم از کم عدالت کو یہ بتانے کا موقع تو ملے گا کہ قوم کے ساتھ کیا ہوا۔

لاہور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پاکستان کو بنانا ری پبلک کی طرف تیزی سے دھکیلا جارہا ہے، ان چوروں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ان کی تمام جائیدادیں بیرون ملک پڑی ہیں، نریندر مودی، ایرانی صدر کے کتنے بیرون ملک فلیٹس ہیں، پاکستان میں حکمرانی کرتے ہیں اور بیرون ملک اربوں کے گھروں میں رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن بنانے کے بجائے کہتے ہیں کہ عمران خان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے چپ ہوں پر ایک ایک چیز جانتا ہوں، لگاؤ مجھ پر آرٹیکل 6، عدالت کے سامنے وہ باتیں بتانے کا موقع تو ملے گا جو ابھی تک نہیں کہیں، آرٹیکل 6 لگائیں ایک ایک چیز جانتا ہوں کہ کس طرح انہیں مسلط کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب ترمیم کر کے 1100 ارب معاف کرانے کی کوشش کی، اتوار کا الیکشن ملک کی تاریخ کا سب سے اہم الیکشن ہے، الیکشن میں فیصلہ ہوگا کیا یہ چور مسلط رہیں گے یا جیلوں میں جائیں گے، میر جعفر اور میر صادق نے ان چوروں کو مسلط کیا، ہم 22 کروڑ لوگ ہے اب ہمارے اوپر ہے کیا اس سازش کو کامیاب ہونے دینا ہے یا نہیں، مسٹر ایکس لاہور، مسٹر وائی کو ملتان میں الیکشن جتوانے کے لیے بٹھایا ہوا ہے، ہمیں اپنے حالات کو خود بدلنا ہوگا، اگر ہم ایک عظیم قوم بننا چاہتے ہیں تو ہمیں جدوجہد کرنا ہوگی، مجھ پر 16 مقدمات درج کیے گئے ہیں، یہ سب کچھ ہمیں ڈرانے کے لیے کیا جارہا ہے۔

 پنجاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا بڑا پلان بن گیا: عمران خان کا الزام

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا بڑا پلان بن گیا، مقابلہ کرنا جانتے ہیں، اتوار کو جان لڑائیں گے، سیاسی میچ جیت کر دکھائیں گے، پھر جشن بھی منائیں گے، نوجوان گڑ بڑ کا مقابلہ کرنے کو تیار رہیں، خبردار کرتا ہوں دھاندلا ہوا تو سری لنکا کا حال دیکھ لو، سازش کے ذریعے اقتدار میں آنے والے امپورٹڈ حکمرانوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

 فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چک جھمرہ کے عظیم شہریوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آج اللہ نے میری قوم میں شعور پیدا کردیا ہے، ملک کی 75 سالہ تاریخ میں قوم کبھی اتنی بیدار نہیں تھی، علی افضل ساہی کو 17 جولائی کو جاگی ہوئی قوم ووٹ ڈالے گی، قوم سمجھ چکی ہے ملک کیخلاف بڑی بیرونی سازش ہوئی، ملک کے غداروں نے اس سازش کو کامیاب کیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوخاندان 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے، چوروں نے اقتدار میں آتے ہی 1100 ارب کا ڈاکہ مارا، ترامیم کر کے نیب کو تقریباً ختم کردیا گیا، چوروں نے اقتدار میں آکر این آر او لیا، پہلے انہوں نے مشرف دور میں اپنی چوری معاف کرائی تھی، دس سالوں میں دو خاندانوں نے مل کر لوٹا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ گیا ہوں ان چوروں کا آخری گیند تک مقابلہ کروں گا، ان کو قوم کا 1100 ارب ہضم نہیں کرنے دونگا، آپ سب نے میرا ساتھ دینا ہے، آپ میری ٹیم اور میں آپ کا کپتان ہوں، مجھے مقابلہ کرنا آتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کیا امریکا ہمارا خیر خواہ اور اس ملک کی بہتری چاہتا ہے؟، امریکا تابعدار حکمران چاہتا ہے، ایک فون پر مشرف نے گھٹنے ٹیک دیئے تھے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانی مارے گئے تھے، آج بھی ہمارے فوجی جوان بارڈر پر قربانیاں دے رہے ہیں، زرداری، نواز شریف آئے تو قوم نے سمجھا یہ جمہوری لیڈر ہیں، زرداری، نواز شریف دور میں امریکا نے 400 ڈرون حملے کیے، ڈرون حملوں میں خواتین، بچوں سمیت ہزاروں لوگ مارے گئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکا سمیت سب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں، بالکل یہ قوم دیکھے گی 17 جولائی کو لوٹوں کو بلے سے پھینٹا لگتے دیکھے گی، امریکا ان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرے گا، امریکا کو مجھ جیسا آزاد لیڈر پسند نہیں، امریکا بوٹ پالش کرنے والے شہباز شریف کو پسند کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتا ہے ہم بھکاری ہیں، 32 سال سے شریف خاندان اقتدار میں اور بھیک مانگ رہے ہیں، شہباز شریف قوم غیرت مند ہے، تم کو بھیک مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے، شریف، زرداری خاندان 30 سال ملک نہ لوٹتے تو قوم کو بھیک نا مانگنا پڑتی، کیا آپ لوگوں کو بھکاری وزیراعظم چاہیے؟ کہتا ہے سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات بھی پیسے مانگنے گیا، اوورسیز پاکستانی اس لیے میرے ساتھ کھڑے ہیں، شہباز شریف نے خود اور قوم کو بھی شرمندہ کروا دیا۔

عمران خان نے پیشگی الرٹ کردیا اور کہا کہ انہوں نے دھاندلی کے سارے ریکارڈ توڑنے ہیں، ان کو سروے میں پتا چل گیا ہے سارے حلقوں میں تحریک انصاف جیتے گی، قوم ان کو بلے سے پھینٹا لگائے گی، نوجوانوں ایک، ایک پولنگ اسٹیشن پر پہرہ دینا ہے یہ دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتے، شہباز شریف نے پہلے فضل الرحمان کی 135 روپے قیمت بڑھا کر قیمت کم کر کے بڑا احسان کیا، ہماری حکومت سے بھی اس وقت عالمی منڈیوں میں کم قیمت ہے، شہباز شریف کو پٹرول کی قیمت 150، ڈیزل کی 144 کرنی چاہیے، آئی ایم ایف نے ہماری حکومت پر بھی پریشر ڈالا تھا لیکن قیمتیں نہیں بڑھائی تھی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کا سارا ٹبر باہر بیٹھا ہے، انہوں نے ریڈیو آکاش وانی مریم نواز کو یہاں چھوڑا ہوا ہے، مریم نواز بھارتی ریڈیو آکاش وانی کی طرح سچ نہیں بول سکتی، لندن کے مہنگے فلیٹس کی مالکہ مریم نواز ہیں، آج تک یہ چاروں فلیٹس کی ایک رسید نہیں دکھا سکے، افسوس ہمارا انصاف کا نظام بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑ سکتا، جب تک طاقت ور کو قانون کے نیچے نہیں لاتے ملک ترقی نہیں کرسکتا، جو قوم بڑے چوروں کو نہ پکڑے تباہ ہوجاتی ہے، سری لنکا میں بھی ایک خاندان بیس سال سے مل لوٹ رہا تھا، سری لنکا کا دیوالیہ نکل گیا ہے، افغانستان کا سربراہ بھی بیرون ملک بھاگ گیا تھا، لبنان میں بھی یہی کچھ ہوا، علی افضل ساہی کو اگلی دفعہ خود جلسہ آرگنائز کرنے بارے بتاؤں گا، اب تو میں جلسوں کا ایکسپرٹ ہوگیا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان دو خاندانوں کو جنہوں نے بھی سازش کے ذریعے اوپر بٹھایا قوم انہیں معاف نہیں کرے گی، آج ٹیکسٹائل انڈسٹری کا برا حال ہے، ہماری حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا تھا، ہماری حکومت میں ایکسپورٹ مسلسل بڑھ رہی تھی، ہماری حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود ہیلتھ کارڈ، احساس پروگرام شروع کیا، کسانوں کو بغیر سود کے قرض دیئے، ملک ترقی کر رہا تھا تو سازش کرکے ہماری حکومت گرائی گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ چک جھمرہ والوں کی تعداد دیکھ کر حیران ہوں، علی افضل ساہی کو مبارکباد دینے آؤں گا، علی افضل آخری گیند تک مقابلہ کرنا ہے، حمزہ ککڑی کو شکست دینے کے بعد ہم جشن منائیں گے، حمزہ ککڑی، زرداری خاندان نے کبھی کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی، جس طرح بھارت میں ان کے امپائروں کے باوجود شکست دی اسی طرح حمزہ ککڑی کو بھی ہرائیں گے، حمزہ شہباز دھاندلی کی ہرممکن کوشش کررہا ہے۔

Advertisement