اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے مابین باضابطہ سیاسی اشتراک عمل کا جامع معاہدہ طے پا گیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس کی قیادت میں مجلس وحدت المسلمین کی چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات ہوئی، نائب صدر پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، سینئر مرکزی نائب صدر ڈاکٹر شیریں مزاری اور دیگر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ دونوں جماعتوں کے مابین قابل عمل جامع نکات پر اشتراکِ عمل کے معاہدے پر بھی مفصل گفتگو کی گئی۔ اس دوران دونوں جماعتوں کے مابین باضابطہ سیاسی اشتراکِ عمل کا معاہدہ طے پاگیا۔ جس پر عمران خان اور علامہ راجہ ناصر عباس نے دستخط کیے۔
اس دوران تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین نے کسی صورت غلامی قبول نہ کرنے کا اعلان کیا اور پاکستانی سرزمین پر کسی بیرونی ملک کے اڈے قائم نہ کرنے پر بھی مکمل اتفاق کیا۔
معاہدے کے مطابق آزاد خارجہ پالیسی اور داخلی خودمختاری کے بیانیے سے کسی طور روگردانی نہیں کی جائے گی، ملک پاکستان سے ظلم کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا، مسلم ممالک کے باہمی تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی، ان تنازعات میں فریق بننے سے مکمل گریز کیا جائے گا۔
معاہدے کے مطابق پاکستان کی داخلی وحدت، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جائے گا، پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور سیاسی، اقتصادی اور دفاعی خودانحصاری کے لئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی، اسرائیل کے حوالے سے قائدِاعظمؒ کے فراہم کردہ رہنما اصولوں سے کسی طور روگردانی نہیں کی جائے گی، کشمیر و فلسطین پر قومی اخلاقی نکتہ نظر سے کسی قسم کا انحراف نہ کیا جائے گا، پاکستان دینا کے تمام ممالک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہاں ہے، ملکی معاملات میں غیرملکی مداخلت روکنا خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول رہے گا۔