لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے نے ایک بار پھر نظریہ ضرورت دفن کردیا، جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے والے بے نقاب ہوگئے، عارف علوی، عمران خان، سابق ڈپٹی سپیکر اور وزیر قانون نے آئین شکنی کی، آئین سے انحراف کرنے والوں کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بار بار جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے والوں کا ایک اور جھوٹ آشکار ہو گیا، الزام خان کی جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کا پول کھل گیا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے جس نے نظریہ ضرورت کو ایک بار پھر دفن کر دیا، آئین سے انخراف کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا پڑے گا، جس سے مستقبل میں ایسے آئین شکنوں کا رستہ رکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 5 کو آئین کی خلاف ورزی کے لیے استعمال کیا، آئین سے کھلواڑ کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگے گا، یہ پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے پی ٹی آئی کے سازشی بیانیہ کو بھی دفن کر دیا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ قوم محب وطن اور لٹیروں میں فرق کو جان چکی ہے، سپریم کورٹ نے واضح کر دیا کوئی سازش نہیں ہوئی، دراصل آئین شکنوں کا ٹولہ جو خود کو تحریک انصاف کہلاتا ہے، عوام کی نمائندگی پر ڈاکہ ڈال رہا تھا اور اب بھی اس کوشش میں ہے، عوام اس سازشی ٹولے کو ضمنی الیکشن میں بھی مسترد کردیں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آئین کو پامال کرنے والے اب عدالتوں کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں، عدلیہ بھی ان دھمکیوں کا نوٹس لے اور اداروں کی توہین کے مرتکب اس ٹولے کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔