احسن اقبال کا پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار

Published On 16 July,2022 01:26 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے جس کا مقصد غربت، عالمی سطح پر خوراک کے عدم تحفظ اور پانی کی قلت کے چیلنجز سے نمٹنا ہے۔

احسن اقبال نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطح کے سیاسی فورم کے اختتامی اجلاس کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں عالمی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ پائیدار ترقیاتی اہداف پر عملدرآمد کیلئے اسی جذبے کا مظاہرہ کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے پائیدار ترقی کے اہداف کو اپنی قومی اہداف قرار دینے کا اعلان کیا، اسی طرح ہمارے وژن 2025 کے ایجنڈے میں بھی پائیدار ترقی کے اہداف کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس نے پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف پر عمل درآمد کیلئے ہمارے عزم کو تقویت بخشی ہے، ہم نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ پاکستان رواں سال گروپ 77 کے جائزہ اجلاس کے انعقاد کا خواہاں ہے۔

 

Advertisement