لاہور: (دنیا نیوز) ضمنی انتخابات میں 15 نشستیں جیتنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کی تازہ ترین صورتحال میں پی ٹی آئی پہلی پوزیشن پر آ گئی۔
پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب، تحریک انصاف 15 نئی نشستوں کے بعد 178 پر پہنچ گئی۔ ن لیگ 4 سیٹوں پر کامیابی کے بعد 167 پر پہنچ گئی۔ ق لیگ 10، پیپلز پارٹی 7،آزاد ارکان کی تعداد 6 ہو گئی۔ پاکستان راہ حق پارٹی کا ایک ممبر بھی اسمبلی کا حصہ ہے۔ تازہ ترین صورتحال کے مطابق پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کا حکومتی اتحاد 179 نشستوں کا حامل جبکہ اپوزیشن اتحاد کے اراکین کی تعداد 188 ہو گئی ہے۔
حالیہ ضمنی انتخاب کے دوران صوبے بھر کے 20 حلقوں میں ووٹنگ ٹرن آوٹ 49.69 فیصد رہا۔پاکستان تحریک انصاف 46.08 فیصد ووٹ لیکر پہلے نمبر پر رہی۔ مسلم لیگ ن نے 39.05 فیصد ووٹ حاصل کئے اور دوسرے نمبر پر رہی۔ آزاد امیدواروں نے 7.7 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ تحریک لبیک پاکستان 5 فیصد ووٹ حاصل کر سکی۔