اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم و رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کا عام انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، چار سال جھوٹے احتساب کا ڈرامہ چلتا رہا، نیب کا سرکس ابھی تک چل رہا ہے، ان کو ایک ایک ظلم کا حساب دینا ہوگا۔
اسلام آباد میں نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کا سرکس ابھی تک چل رہا ہے، نیب کا چیئرمین تو گھر چلا گیا اس سے کوئی پوچھ گچھ کرے تو مختلف بہانے سے جان بچانے کی کوشش کرتا ہے لیکن جان بچے گی نہیں ، شاہد خاقان عباسی جو ظلم ان لوگوں نے کیے ہیں ان کو جواب دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے عدالت سے پوچھا کہ یہ بتائیں ہمارا جرم کیا ہے، یہ پراسیکیوشن بھی بتانے سے قاصر ہے اور عدالت بھی بتانے سے قاصر ہے، ہر دوسرا لفظ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
شاہد خاقان نے کہا میں نے عدالت سے پوچھا کہ کیا کسی جرم کے بغیر منی لانڈرنگ ہوسکتی ہے، جس پیسے پر ٹیکس دیا ہو کیا اس پر منی لانڈرنگ ہو سکتی ہے، اسکا جواب نہ نیب کے پاس ہے نہ عدالت کے پاس ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پنجاب میں ہار گئے تو پی ٹی آئی کی طرح اٹھ کر بھاگیں گے نہیں، یہ 20 سیٹیں پی ٹی آئی کی تھیں اب انھوں نے 15 جیتیں ، لوڈشیڈنگ کم ہو رہی ہے، مزید کم ہو گی۔