اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اورسابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے اراکین صوبائی اسمبلی کو خریدا جا رہا ہے، رحیم یارخان سے ہمارا ایم پی اے مسعود مجید 40 کروڑ لیکر ترکی پہنچ گیا ہے، اس کے پیچھے آصف علی زرداری ہے۔
زلفی بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تخت لاہورپرتحریک انصاف کا حق ہے، رانا ثنا اللہ ٹی وی پرکہتا ہے 5 لوگ ادھرسے ادھرہوجائیں گے، کوئی مسئلہ نہیں، رحیم یارخان سے ہمارا ایم پی اے 40 کروڑ لیکر ترکی پہنچ گئے ہیں۔ ہمیں امید ہے ہماری سیٹیں 15 سے بڑھ کر 17 ہو جائیں گی، تحریک انصاف کے پاس 188ممبران موجود ہیں، عدالت نے پنڈی کی سیٹ پردوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔ پنجاب کی عوام نے ضمنی الیکشن میں اپنا فیصلہ سنادیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست جمع کرادی ہے، 3ایم اپی ایزنے اپنے بیان حلفی سپریم کورٹ میں جمع کرائے ہیں، تین ایم پی ایز غضنفر عباس چھینہ، محمد عامر عنایت، سردار شہاب الدین نے بیان حلفی میں بتایا کس طرح انہیں پیسوں کی آفرکی گئی، عطا تارڑ نے انہیں پیسوں کی آفرکی، عطا تارڑ ایم پی ایز کو گفتگو میں کہہ رہے، فی ایم پی ایز 20 سے 25 کروڑدے سکتے ہیں، اندازہ لگائیں آصف زرداری اینڈ کمپنی نے اخلاقیات کو اتنا گرادیا ہے، آصف زرداری کے لیے لوگوں کوخرید رہے ہیں، مسعود مجید کو 40 کروڑدے کر ترکی پہنچوادیا گیا، مسعود مجید کو زرداری نے پیسے دیئے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی میں نالے کھولنے کے لیے ان کے پاس پیسے نہیں اور 40 کروڑسے ایم پی اے خرید رہے ہیں، ہمیں توچیف الیکشن کمشنرسے کوئی امید نہیں جس میں کوئی شرم اور حیا نہیں، سینیٹ میں خریدوفروخت پر الیکشن کمیشن نے بے شرمی کا مظاہرہ کیا، اگرہم نے ایسی سیاست کو نہ توڑا تو پاکستان میں جمہوریت کا کوئی مستقبل نہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کسی کو دبئی، کسی کو ترکی میں ہوٹل بک کرا کر دے رہے ہیں، یہ کس قسم کا معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں، کل ہم سپریم کورٹ میں تینوں ایم پی ایزکے بیان حلفی جمع کرائیں گے، آصف زرداری، رانا ثنااللہ، عطا تارڑ کو فوری گرفتار کر کے جیل میں ڈالا جائے، زرداری نے پہلے بھٹو پھر پیپلزپارٹی کا بیڑہ غرق کیا، سپریم کورٹ اس معاملے کی تفصیلی انکوائری کرے، ہمیں نہیں پتا مزید کتنے ایم پی ایز کو آفر دی جا رہی ہے۔ پاکستان کے عوام اس خریدوفروخت کوبرداشت نہیں کریں گے، ہرحالت میں حکومت سے چمٹے رہنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، سپریم کورٹ پنجاب میں چیف منسٹر کے الیکشن کوشفاف بنائے، چودھری شجاعت حسین کے انکار کے بعد تو ریٹ بڑھا ہے، 25 سے 40 کروڑتک بولیاں لگ رہی ہے، کوئی حدہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تینوں ایم پی ایزنے لاہورمیں پارلیمانی پارٹی کوآگاہ کردیا تھا، عمران خان کل لاہور پہنچ جائیں گے، اس وقت ہماری تعداد پوری ہے، یہ ناکام ہوں گے، اگرقیمت اتنی زیادہ لگادیں گے توبہت زیادہ پہرہ دینا ہوگا، زرداری اینڈ کمپنی ہرحالت میں حکومت سے چمٹا رہنا چاہتی ہے، زرداری کوہرماہ ٹھیکے دار ماہانہ دیتے ہیں، ہم امید کرتے ہیں سپریم کورٹ چیف منسٹرکے الیکشن کوشفاف بنائے گی، مسلم لیگ کے پاس 176 اور 178 کے قریب ہے، اگردوحلقوں میں دوبارہ گنتی ہوجاتی ہے تو ہماری تعداد بڑھ جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ زرداری نہیں سندھ حکومت کا پیسہ ہے، ان کے نزدیک عوام کی کوئی حیثیت نہیں ہے، جب سندھ ہاؤس میں خریداری کا نوٹس لے لیا جاتا تو حالات بہترہوجاتے، آج پھر ایک منڈی لگی ہے کب تک ادارے یہ سب کچھ جانے دیںگے، زرداری، رانا ثنا اللہ،عطا تارڑ کو گرفتار کر کے مثال بنادی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرے۔ عطا تارڑکا فون ریکارڈ بھی پیش کردیں گے، ہم عوام کے سامنے مقدمہ رکھ رہے ہیں وہ نوٹس لیں، ہم عوام کوبتانا چاہتے ہیں ملک میں کیا ہورہا ہے،امید ہے ادارے بھی اپنا کام کریں گے، پرویزالہیٰ کووزیراعلیٰ بنادیں گے، ہماری نمبرگیم پوری ہے۔