لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر داخلہ عطاء اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کے رہنما چودھری مسعود کا استعفیٰ پریس کانفرنس میں پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں استعفوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، ابھی ایک استعفیٰ آیا ہے ہو سکتا ہے مزید آجائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبطین خان نے الزامات عائد کرتے ہوئے تھے کہا کہ ہمارے ایک رکن اسمبلی منحرف ہو چکے ہیں، 40 کروڑ روپے لیکر ترکی چلے گئے ہیں۔ آصف علی زرداری نے خریداری کا بازار شروع کر دیا ہے۔
فواد چودھری کی جانب سے الزامات کے بعد نیوز کانفرنس میں رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے ایک بارپھررونا دھونا شروع کردیا ہے، فواد چودھری چیخیں ماررہا ہے عطا تارڑ کو گرفتارکرو، لاہوربیٹھا ہوں فواد چودھری گرفتاری کی آوازیں کسی اور جگہ لگائیں، وہ اب تک پانچ جماعتیں تبدیل کر چکے ہیں
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فواد چودھری یہ وہ دورنہیں کہ آپ چچا کے نام پرپیسے اٹھائیں،ان کی کمائی میں ایک پیسہ حلال کا نہیں، ڈبو ہر روز اپنا لیڈر تبدیل کرتا ہے، اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں، اگر مسعود مجید کو 40 کروڑ آفر کیا تو اللہ عذاب نازل فرمائے، اللہ جھوٹے پر بھی اپنا قہر اورعذاب نازل فرمائے۔
نیوز کانفرنس کے دوران چودھری مسعود نے استعفی میں پیش کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ 3 اپریل 2022 کو چودھری مسعود نے تحریک انصاف سے نالاں ہو کر استعفی دیا۔ استعفے کے بعد ان پر رشوت کا الزام لگایا جا رہا ہے، قرآن پر حلف لیکر کہتا ہوں چودھری مسعود کو پیسے نہیں دیئے، فواد چودھری بھی قرآن پرحلف دیں، ان کو 188ووٹ چاہئیں جوان کے پاس موجود ہیں، ہمارے پاس 7 ووٹوں کا فرق ہے، ہم نے تو جلیل شرقپوری کو کروڑوں دینے کا نہیں کہا، ابھی ایک استعفی آیا ہے ہو سکتا ہے اس کے بعد مزید استعفے آجائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا الیاس چنیوٹی کو پرویزالہیٰ کے صاحبزادے نے حج کے فریضے کے دوران 10 کروڑ رشوت دے کربھیجا، مونس الہیٰ آج بھی پرائیویٹ طیارے پر اسلام آباد میں منت ترلے کر رہا ہے، حج کی ادائیگی کے دوران رشوت دینا مکروہ عمل ہے، پرویزالہیٰ بھی عمران خان کی طرح اسلامی ٹچ دینا چاہتے ہیں۔ فیصل آباد سے بزرگ خاتون ایم پی اے کے گھر دو لوگوں کو رشوت دے کر بھیجا گیا، فیصل آباد کی خاتون ایم پی ایز کی فیملی نے ان کو گالیاں دے کربھیجا، پرویزالہیٰ صاحب بس کریں اور کتنا آگے جائیں گے، جیل میں بند تو پرویزالہیٰ کے بیٹے کو کرنا چاہیے، فواد چودھری صاحب میں تو جہلم آکر بھی بیٹھوں گا روکنا ہوگا توروکیے گا۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اب عدالت میں جا کر توہین عدالت کی درخواستیں دے رہے ہیں، جب زبردستی استعفے لیتے ہیں تب توہین عدالت نہیں ہوتی، پنکی، عمران خان پاکستان کو لوٹ کر کھا گئے، آج تک یہ نہیں بتا سکے ’ابسولیٹلی ناٹ‘ کس کوکہا تھا، فتنہ خان پر شیاطین اترتے ہیں،:’ابسولیٹلی ناٹ‘فارن فنڈنگ نہ لینے پرکہنا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، سرپرائزبالکل آسکتے ہیں، ہارجیت اللہ کے ہاتھ میں ہے زورپورا لگائیں گے، ان کے تمام الزامات کومسترد کرتے ہیں، استعفوں کا سلسلہ شروع ہوچکا مزید اپ ڈیٹ رکھیں گے۔ شہباز گل ایک دن بھی جیل میں گزار نہیں سکا، اور روتا رہا۔