لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان عدلیہ کے کندھوں پر چڑھ کر آئین سے چھیڑ چھاڑ کی کوششوں میں مصروف ہیں، قانون سازی ہمارا اختیار اور حق ہے، اس میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، عدالت عظمیٰ کا فل بنچ آرٹیکل 63 اے کی عدالتی تشریح پر نظر ثانی اپیل کی جلداز جلد سماعت کرے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمارے ووٹ بڑھے ہیں کس بات پر شادیانے بجائے جا رہے ہیں، فتنہ اور سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، عمران خان گمراہ آدمی ہیں جس پر شیاطین اترتے ہیں، یہ گمراہ آدمیوں کا گروہ ہے، یہ سازش کرکے اقتدارمیں آیا تھا آج ووٹ کوعزت دینے کی بات کر رہا ہے، یہ صرف آوارہ گردی کرتا رہا ہے، دوسروں کو چیری بلاسم اور خود کیا ہو؟۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمیں لیے پیچھے ہٹنا آتا تھا لیکن ملکی مفاد کے لیے کانٹوں کا ہار گلے میں ڈالا، عمران خان کی حکومت میں صحافیوں کو جیلوں میں ٹھونسا گیا، اس وقت عدالتیں سوئی ہوئی تھیں؟ جب ریٹائر ہوتے ہیں تو پھر معافی مانگتے ہیں، نیب کے پرانے قانون کی حمایت کرنے والا آئین اور جمہوریت کا دوست نہیں ہوتا، پونے چار سال کسی کے خلاف فیصلہ نہیں آسکا، توشہ خان، بلین ٹری سونامی اور ان کے اہلخانہ کی کرپشن کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو مرضی کا آرمی چیف، چیف جسٹس اور مرضی کا میڈیا چاہیے، آخر کیا وجہ ہے الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیوں نہیں کر رہا، عمران خان سوشل میڈیا پر کروڑوں خرچ کر رہے ہیں، کدھرسے پیسہ آرہا ہے، ڈاکٹر اسرار الحق اس سازش بارے بہت پہلے بتا گئے تھے، ضمنی الیکشن سے مقبولیت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، ہمارے ووٹ بڑھے ہیں کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ شخص ذہنی مریض اور سازشی بھی ہے، با آواز بلند کہتے ہیں قانون سازی ہمارا اختیار اور حق ہے بالکل کمپرو مائز نہیں ہوگا، ہماری درخواست ہے ہماری ریویوپیٹیشن کو جلد سے جلد سنا جائے، فتنہ عمرانیا عدالتوں کے کندھوں پر چڑھ کر آئین سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کررہا ہے، ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ غیرجانبدار رہے، تمام صوبائی حکومتوں کو اپنی مدت پوری کرنے کا حق حاصل ہے، یہ طوفان بھی تھمے گا اور اس کے آگے بند بھی باندھا جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 63 اے کی عدالتی تشریح پر ہمیں تحفظات ہیں، 63 اے پر سپریم کورٹ بار کی ریویوپیٹیشن کافی دنوں سے فائل کی گئی ہے، سپریم کورٹ کا فل بنچ اسے سنے، ہم اپنی ساری کوشش کر رہے ہیں حمزہ شہباز ہی منتخب وزیراعلیٰ ہیں، اپنی حکمت عملی پریس کانفرنس میں نہیں بتائیں گے، رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو رہائی ملنی چاہیے۔
عمران خان انوکھا لاڈلہ، پی ٹی آئی نے 15 سیٹیں جیت کر کوئی تیر نہیں مارا
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اکرم درانی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے میاں افتخار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب میں 15 سیٹیں جیت کر کوئی تیر نہیں مارا، ان حلقوں سے ان کے اپنے ہی لوگ بھاگے تھے، عمران خان انوکھا لاڈلہ، سب جانتے تھے وہ مزید اقتدار میں رہے تو ملک دیوالیہ ہوجائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں، رونے والا آج بھی رو رہا ہے، یہ 20 سیٹیں عمران خان کی تھی جو لوگ بھاگ گئے تھے، عمران خان نے 15سیٹیں جیت کر کوئی تیر نہیں مارا، یہ عجیب انوکھا لاڈلہ ہے، ہم پارلیمنٹ کی سپرمیسی کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے اپنا قبلہ درست کر کے آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کریں، مہنگائی بڑا مسئلہ ہے اس کو کم کرنے کی کوشش کریں گے، آج بھی وزیراعظم کو عوام کو ریلیف دینے کی بات کی، ملکی مفاد میں اتحادی جماعتیں متحد ہیں، ہم آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، مہنگائی ہمارے گلے پڑی اس کو کم کریں گے، کوئی بھی شخص آئین سے بالاتر نہیں۔
پریس کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ یہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، سیاست کو گندہ کیا گیا، یہ شخص کس ایجنڈے کے تحت آیا، اس کے بچے اور پورا قبیلہ باہر ہے، ہم سب جانتے تھے یہ مزید رہا تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔