کراچی:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ یہ مون سون کا تیسرا سپیل ہے، اس بارش کو پکنک نہ سمجھا جائے، لوگ خود اور اپنے بچوں کو گھروں تک محدود رکھیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون کی مسلسل جاری بارش کے دوران شہر کراچی کا دورہ کیا ہے، دورہ کے دوران انہوں نے نکاسی آب کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہئے کہ بارشوں میں خود اور اپنے بچوں کو گھروں تک محدود رکھیں کیونکہ بارشوں میں ندی نالوں میں تغیانی اور پانی کی نکاسی کیلئے مین ہول بھی کھولے جاتے ہیں، ایسی صورتحال میں بچوں کو کسی صورت سڑکوں پر کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے، یہ بارش کا تیسرے اسپیل ہے، اس بارش کو پکنک نہیں سمجھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو عوام کی ہر طرح سے مدد کرنی ہے۔
خیال رہے کہ دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی وزیر، ناصرشاہ، شرجیل میمن اور مرتضیٰ وہاب بھی شامل تھے۔