اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی (ف) کی طرف سے فریق بننے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب فوری طور پر عدالت میں جانا باعث تشویش ہے، پیر کو درخواست دائر کی جائے گی، عمران خان کی سیاسی زندگی جھوٹ پر کھڑی ہے، فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیوں نہیں سنایا جارہا؟ پی ڈی ایم نے اقتدار کو چیلنج کے طور پر قبول کیا، چار برس میں ڈالا گیا گند صاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم دستور کی بقا کے لیے ہر جدوجہد کریں گے، فوری درخواست اور فوری سماعت احساس دلا رہی ہے کہ عدالت یا دباؤ یا اپنی دلچپسی سے سب کر رہی ہے، جے یو آئی اس مقدمے میں فریق بننے کا اعلان کرتی ہے، نئی نئی باتیں عدالتی ماحول سے عام آدمی کے کانوں میں پڑتی ہیں، پارٹی لیڈر ہی آخری فیصلوں کا اختیار رکھتا ہے، پوری دنیا میں وزیر اعظم یا پارٹی صدر ہی آخری فیصلہ کرتا ہے، آج نئی بحث چھیڑ دی گئی ہے کہ پارلیمانی پارٹی لیڈر ہی سب کچھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض اوقات پارٹی سربراہ ایوان سے باہر ہوتا ہے مگر نگرانی وہی کرتا ہے، تین یا پانچ رکنی بنچ قابل قبول نہیں ہو گا، عمران خان کا بیانیہ جھوٹا ہے، اس بات کی سمجھ ججوں کو نہیں آرہی، فل کورٹ اس کیس کو سنیں، تین یا پانچ نہیں فل کورٹ چاہیے، ریاست کمزور ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے اداروں کی سیاست میں مداخلت سے ریاست کمزور ہو رہی ہے، حکومت کو حکومت کرنے دیں، ہم نے مشکل چیلنج قبول کیا ہے، اگر ابہام رہے گا تو کچھ بھی درست کام نہیں کرے گا، ادارے کو ایک پارٹی کے لئے کچھ لوگ استعمال کرتے ہیں۔