عدالتی فیصلے کومسترد کرنے والوں کو پوری قوم مسترد کرے گی،شاہ محمود قریشی

Published On 26 July,2022 10:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر خارجہ اور رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بنچ پر اعتراض تھا تو دلائل کیوں دیتے رہے، عدالتی فیصلے کومسترد کرنے والوں کو پوری قوم مسترد کرے گی۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے سیاسی دیوالیہ ہونے کا ثبوت دیا ہے، جب ہوا کا رخ ان کے خلاف ہوا تو کہا ہم بائیکاٹ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں ان سے بائیکاٹ کر لے، پوری قوم ان کے کھوکھلا پن کو مسترد کرے گی، ضمنی انتخابات میں پنجاب کے لوگوں نے ان کو مسترد کیا ہے اب جنرل الیکشن میں بھی قوم ان کو مسترد کرے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ کہتے ہیں ان ججز پر ہمیں اعتماد نہیں، انہی ججز کے فیصلے پر آپ نے مٹھائیاں تقسیم کی تھیں، آئین کے متعلق اگر ججز فیصلہ دیتے ہیں تو آپ سیخ پا ہوجاتے ہیں، آج پی ڈی ایم نے آئین پر حملہ کیا ہے، پی ڈی ایم نے آج آئین شکنی کی ہے، آج ایگزیکٹو نے عدلیہ پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کئی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کو سلام پیش کرتا ہوں آج ان کی بد تمیزی برداشت کی، وزیر قانون نے کس حیثیت میں دلائل دینا شروع کیے جب ان کا وکیل موجود تھا، اتنے اہم موڑ پر آپکے اٹارنی جنرل ملک سے باہر تھے، اتنا اہم کیس تھا اور کھیل کے آرکیٹکٹ زرداری ملک سے باہر تھے، کیا قوم اب نہیں سمجھتی یہ سب ؟ کیا آپ نے دلائل نہیں دیے ؟ اگر اپ کو بینچ پر اعتراض تھا تو آپ نے لکھ کر جواب کیوں دیا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ہے ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور، انہیں ملک کی کیفیت اور معیشت سے کوئی عرض نہیں، بتدریج روپیہ کی قدر گررہی ہے، فیصل آباد میں کارخانے بند ہوگئے ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ مہذب دنیا میں شاید پہلی مرتبہ ہوا سپریم کورٹ کا بائیکاٹ کردیا گیا ہے، حکومت نے بغاوت کی ہے، پوری قوم عدالت کے ساتھ کھڑی ہے، عدلیہ سے درخواست ہے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
 

Advertisement