پنجاب میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع کر دیا: رانا ثناءاللہ

Published On 27 July,2022 01:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے کہ پنجاب میں میرے داخلے پر پابندی لگی تو گورنر راج کیلئے یہ جواز کافی ہو گا، ملک کے سب سے بڑے صوبے میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی حالات پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی صورتحال مزید خراب ہوئی۔ سوشل میڈیا پر کل سے جو گفتگو ہو رہی ہے اس پر افسوس ہے۔  آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ ہر معاشرے کی ضرورت ہے، اس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، عدلیہ کا احترام ہر معاشرے کیلئے لازمی ہے، سیاسی عدم استحکام کے باعث ڈالر مہنگا اور سٹاک مارکیٹ گر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گورنر راج کی سمری وزارت داخلہ میں تیار کی جا رہی ہے۔ وفاقی حکامت ایک اتحادی حکومت ہے۔ ن لیگ انتخابات کرانے  جا رہی تھی، اتحادیوں نے موجود حالات میں الیکشن کی طرف نہ جانے کا مشورہ دیا۔ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی گئی تو ہم روکیں گے۔ عمران خان نے دوبارہ ایسا کوئی ایڈونچر کیا تو 25 مئی والی ایکسرسائز ہو گی۔ نیب آزادانہ طور پر کام کرے گا، حکومت کے کہنے پر نیب میں کوئی مقدمہ نہیں بنے گا۔ 

اس سے قبل رانا ثناءاللہ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم جولائی سے اسلام آباد پولیس کو پنجاب کے برابر تنخواہ ملے گی۔ ایف سی کی تنخواہ بھی بڑھائی ہے۔ پولیس کے شہداء کے لواحقین کی پوری قوم مقروض ہے ،ایک ارب بائیس کروڑ کےشہداء کے واجبات کی ادائیگی ہونی تھی، اس کا معاملہ وزیر اعظم تک اٹھایا۔ ایف سی میں خاتون اہلکاروں کی بھرتی بھی کی جائے ۔ لیڈیز ایف سی پولیس کا پروپوزل لے کر آئیں تین دن میں فوری منظور کروں گا۔
 

Advertisement