اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کرتے اور عمران خان پر ارکان کی خریدو فروخت میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کچھ ارکان پرویز الہٰی کو ووٹ نہیں دیں گے، 2018 میں ووٹ چوری کرنے والے کس منہ سے الزام تراشی کررہے ہیں؟۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان خود خرید و فروخت میں مصروف ہیں، یہ رن آف الیکشن سپریم کورٹ کے تحت ہو رہا ہے، وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان کی بطور چیئرمین نیب تقرری کی منظوری دی ہے، آفتاب سلطان میرٹ پر کام کرنے والے انسان ہیں، آفتاب سلطان نیب میں ایک نئی تاریخ رقم کریں گے اور بہترین انداز میں احتساب کے عمل کو آگے بڑھائیں گے، آفتاب سلطان کا نام ہر حوالے سے معتبر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں ہمارے امیدواروں پر عمران خان کی حکومت کا ملبہ تھا، مسلم لیگ کے ووٹرز نے بھی امیدواروں کو قبول نہیں کیا، ہم نے پورے خلوص کے ساتھ امیدواروں کی مدد کی، ووٹرز نے دل سے ان کا الیکشن نہیں لڑا، ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی مقبولیت والے بیانیے کی بات درست نہیں، آئندہ لوٹوں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مہنگائی کو بنیادی وجہ قرار دیتا ہے تو یہ ایک رائے ہوسکتی ہے، ملک کے ڈیفالٹ کا خطرہ دور ہوچکا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے ڈالر کی بڑھتی قیمت کو سٹے بازی، غیر یقینی صورتحال کی وجہ قرار دیدیا اور کہا کہ ملک میں ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا کوئی مسئلہ نہیں، مفتاح اسماعیل نے کابینہ کو معاشی صورتحال کے حوالے سے بریف کیا۔