لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مفاہمت پر یقین رکھتا ہوں، خریدو فروخت کی سیاست پر نہیں، ملک اور پنجاب کی سیاسی صورتحال پر خود کو مفاہمت کیلئے پیش کیا، تین ماہ پہلے اعلان کیا تھا کہ یہاں بیٹھ کر سیاست کروں گا، ن لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا امیدوار حسن مرتضیٰ ہوتا تو میں پیسے ضرور لگاتا، حمزہ شہباز کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہونے پر پیسہ کیوں لگاؤں؟۔
سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کی قیادت میں بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، پارٹی کے ارکان نے آصف علی زرداری سے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو بھرپور سپورٹ کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہیں، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن کی اتحادی ہے اور تمام ذمہ داریوں کو قبول کرتی ہے، ذوالفقارعلی بھٹو کا کارکن ہوں، خرید و فروخت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا امیدوار حسن مرتضیٰ ہوتا تو میں پیسے ضرور لگاتا، حمزہ شہباز کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہونے پر میں پیسہ کیوں لگاؤں؟ ملک اور پنجاب کی سیاسی صورتحال پر مفاہمت کے لیے خود کو پیش کیا ہے۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتا ہوں اور یہ کرتا رہوں گا، میں پہلی دفعہ لاہور نہیں آیا، 3 ماہ پہلے اعلان کیا تھا کہ میں پنجاب میں بیٹھ کر سیاست کروں گا، ابھی تو میں نے پنجاب کی ہر تحصیل میں جانا ہے، پیسے کی سیاست کو یکسر مسترد کرتا ہوں، مسلم لیگ ن کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب کروانے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے، چودھری شجاعت حسین کے کہنے پر نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ نامزد کرنے کے لئے آمادہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الٰہی میرے ساتھ کمٹمنٹ کر کے عمران خان سے جا ملے، مسلم لیگ ن نے پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بنانے کے حوالے سے اپنی کمٹمنٹ پوری کی، میں کمٹمنٹ پوری کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔