لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کے چناؤ کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئیں، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور ق لیگ سمیت اراکین ہوٹل سے پنجاب اسمبلی پہنچ گئے۔ سابق وفاق وزیر مونس الہی کہتے ہیں ان کے نمبرز پورے ہیں، اس سے بھی زیادہ ہوں گے۔
ملک کے سب سے بڑے صوبے کی وزارت اعلی کے فیصلے کا دن آگیا، نئے وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب آج ہوگا، حمزہ شہباز اور پرویز الہیٰ مد مقابل ہیں، گذشتہ روز چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں 186 ارکان پورے کرلئے گئے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، آصف زرداری نے تمام ارکان کو اسمبلی میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی، سیاسی مخالفین نے ایک دوسرے پر سبقت کے دعوے بھی کردیئے۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ایک رکن عظمیٰ قادری کورونا کا شکار ہو گئیں۔
قبل ازیں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا تھا کہ حکومتی گیم ختم ہوچکی ہے، ہمارے نمبرز مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہیں، اب یہ لالچ دیں یا جو مرضی کرلیں فرق نہیں پڑتا، شہباز شریف کا جس ادارے یا شخصیت نے ساتھ دیا انہوں نے اس کا بیڑہ غرق کیا۔
چودھری پرویز الٰہی ایک جہاندیدہ سیاست دان ہیں: عمران خان
عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ قابل فخر ہیں جو تمام دھونس، دھاندلی اور لالچ کے باوجود نہ جھکے، ہمارا مقصد وطن عزیز کو عظیم تر بنانا ہے، ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد ملک کو آزاد کرنا ہے، کوئی قوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھتی جب تک خود کو کرپشن سے آزاد نہ کرے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو عورتوں اور بچوں پر ظلم کیا گیا، چودھری پرویز الٰہی ایک جہاندیدہ سیاست دان ہیں، عثمان بزدار کو مشکل وقت میں وزیراعلیٰ بنایا، بزدار جب وزیراعلیٰ بنے تو پارٹی میں دھڑے بندی تھی، جتنا مشکل وقت عثمان بزدار نے گزارا اسے خراج تحسین پیش کرتا ہوں،سابق وزیراعلیٰ نے مجھے پہلے کہہ دیا تھا کہ جب آپ کہیں گے میں استعفیٰ دے دوں گا۔
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی رفاقت گیلانی کا 1 ارب 10 کروڑ روپے کی پیشکش کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی رفاقت گیلانی نے دعویٰ نے 1 ارب 10 کروڑ روپے کی پیشکش کا دعویٰ کردیا۔
پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں تحریک انصاف کے ارکان کا ریٹ بڑھنے لگا۔
رفاقت گیلانی نے دعویٰ کیا کہ کل ایک ارب روپے کی آفر ہوئی تھی، آج ایک ارب 10 کروڑ کی پیشکش دی جا رہی ہے، کہا گیا پانچ ارکان لے آئیں اور پانچ ارب لے لیں۔
رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ منتخب کریں گے۔
زرداری کی دوبارہ شجاعت کی رہائش گاہ آمد، پرویز الٰہی اور مونس کا ملاقات سے انکار
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف زرداری کی دوسری مرتبہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ آمد، چودھری پرویز الٰہی اور مونس نے ملاقات سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری دوبارہ ظہور الٰہی روڈ پہنچ گئے اور پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ زرداری نے رات کا کھانا بھی چودھری شجاعت کی رہائش گاہ پر کھایا۔
اس موقع پر پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے ملاقات سے انکار کردیا، آصف زرداری کی آمد کا سن کر پرویز الہی اور مونس الہی گھر سے باہر چلے گئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی آصف علی زرداری کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات ہوئی تھی، ملاقات کے بعد سابق صدر جاتے ہوئے وکٹری کا نشان بنا رہے تھے، ملاقات میں وفاقی وزیر چودھری سالک اور رخسانہ بنگش موجود تھیں۔
پرویز الہٰی ہی نئے وزیراعلیٰ، زرداری نے دو بھائیوں کو لڑانے کی کوشش کی: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے 30 اگست سے پہلے انتخابی شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز الہٰی ہی نئے وزیراعلیٰ پنجاب ہونگے، آصف زرداری نے دو بھائیوں کو لڑانے کی کوشش کی، ملکی معیشت ملکی سلامتی کا معاملہ بن چکی، آئی ایم ایف نے پیسے نہ دیئے تو ڈالر 245 روپے تک پہنچ جائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عقل کے اندھےعمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 لگانے کی بات کرتے ہیں، حکومت کی تابوت میں آخری کیل رانا ثنا اللہ ٹھونکے گا، مفتاح اسماعیل جس ہنسی کیساتھ مفتا لگاتا ہے لعنت ہے، لاہوریوں نے تو اسحاق ڈار کی واپسی کی تاریخ دی ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنیوالے وقت میں پاکستان وہاں پہنچ سکتا ہے جہاں چلانے کیلئے کوئی سیاسی جماعت نہ ہو، فضل الرحمان اپنی جیب سے مال نہیں لگاتے، زرداری نے نواز شریف کا مقابلہ کرنے کیلئے دولت اکٹھی کی تھی۔
پنجاب اسمبلی کے 19 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
پنجاب اسمبلی کے 19 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا، تحریک انصاف کے 15، ن لیگ کے 3 اور ایک آزاد رکن شامل ہے جبکہ فیصل آباد سے منتخب ایم پی اے علی افضل ساہی نے بھی حلف لے لیا۔
پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کے 15 نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیا، حلف اٹھانے والوں میں فیصل آباد سے رکن صوبائی اسمبلی علی افضل ساہی، زین قریشی، حسن ملک، عرفان اللہ نیازی، میاں محمد اعظم، مہر محمد نواز بھروانہ، خرم شہزاد ورک، میاں اکرم عثمان شامل ہیں۔
شبیر احمد گجر، ملک ظہیر عباس کھوکھر، محمد غلام سرور، عامر اقبال شاہ، محمد معظم، قیصر عباس خان، سردار سیف الدین کھوسہ، آزاد رکن اسمبلی پیر رفیع الدین نے بھی حلف اٹھا لیا۔
حلف کے موقع پر مہمان گیلری میں شاہ محمود قریشی اور زین قریشی کی اہلیہ بھی موجود تھے۔