اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی جس کے دوران سبطین خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنانے سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔
عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی، ملاقات میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت بھی موجود تھی۔ اس موقع پر پنجاب کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر گفتگو ہوئی جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی، ڈپٹی سپیکر اور پنجاب کابینہ سمیت اہم تقرریوں پر مشاورت ہوئی۔
ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنما سبطین خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ سپیکر کی نشست کیلئے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی متحرک تھے جبکہ میاں محمود الرشید اور میاں اسلم اقبل بھی سپیکر شپ کی دوڑ میں شامل تھے تاہم پارٹی قیادت نے سبطین خان کا نام فائنل کیا۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد وزیراعلی پنجاب پرویز الہی اسلام آباد سے واپس لاہور جائیں گے جس کے بعد وہ باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔