شاہد خاقان عباسی کے اکاؤنٹ میں بھارتی کمپنی سے پیسے آئے: شہباز گل

Published On 31 July,2022 07:53 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیر پٹرولیم 3 ٹی ٹیز وصول کیں، ایسا تاثر قائم کیا جیسے بہت ایماندار ہیں، سابق وزیراعظم کے اکاؤنٹ میں بھارتی کمپنی سے پیسے آئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ شاہد خاقان بتائیں کہ بھارتی کمپنی سے 14،14 کروڑ یہ کس مد میں لے رہے تھے؟ میرے اور شاہد خاقان کے اکاؤنٹس ایک ہی بینک میں ہیں، شاہد خاقان کو چیلنج ہے کہ اپنے اور میرے بینک اکاؤنٹ کی تفصیل سامنے لائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، خود گاڑی چلا کر وہ یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ وہ ایک ایماندار آدمی ہیں، لیکن اصل بات تو یہ ہے کہ وہ بھارتی کمپنی سے کنسلٹنسی فیس لیتے رہے، شاہد خاقان ایک سے زائد بار وزیر پیٹرولیم رہے، ان کے اکاؤنٹ میں بھارتی کمپنی سے پیسے آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، احساس پروگرام کے حوالے سے بھی میٹنگ ہوئی، عمران خان 6 ڈویژن کے ایم پی ایز سے آج مل رہے ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہدایات دی گئی ہیں، ریلیف سرگرمیوں پر عمران خان کو بریفنگ دی گئی ہے۔
 

Advertisement