اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عمران خان کے خلاف جرائم کی تصدیق قرار دے دیا۔ مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ 13 غیر قانونی بینک اکاؤنٹس عمران خان خود چلاتا رہا اور انہیں الیکشن کمشن سے چھپاتا رہا۔ عالمی فراڈ یوں سے خیرات کے نام پر پیسے بٹورے اور جعلسازی کی۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چور، جھوٹا فارن فنڈنگ منی لانڈرر آخر آٹھ سال بعد پکڑا گیا۔ عمران خان صادق اور امین نہیں، پارٹی چئیرمن کے عہدے سے فوری استعفی دیں، عمران خان پاکستان کے خلاف غیر ملکی سازشی منصوبہ تھا اور ہے ،عمران خان جھوٹا اور جعلساز ہے، الیکشن کمشن نے مہر لگا دی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اسرائیل، بھارت، امریکہ، کینیڈا سمیت دیگر ملکوں سے فارن فنڈنگ لی، عمران خان نے غیرقانونی فنڈنگ سے پاکستان میں فتنہ برپا کیا، عمران خان نے جانتے بوجھتے 351 غیرملکی کمپنیوں اور 34 بیرون ممالک سے فارن فنڈنگ لی۔ عمران خان نے جعلی اور جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جان بوجھ کر اپنے چار ملازمین طاہر اقبال ، محمد نعمان افضل ، محمد ارشد محمد رفیق کے نام پر پیسے منگوائے۔ چوروں اور منی لانڈرز نے 9 وکیل بدلے، 50 الیکشن کمیشن سے بھاگے اور 9 دفعہ کیس کو روکنے کی پیٹیشن کیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان عالمی منی لانڈرر ثابت ہو چکا ہے۔ وفاقی حکومت قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کرے گی۔ عمران خان اس چوری کی وجہ سے الیکشن کمیشن پہ پر حملے کر رہا ہے۔