اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن فیصلے کے بعد حکومت بھی ان ایکشن ہوگئی، کیس میں شامل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
حکومت کی جانب سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، احد رشید، ،ثمر علی خان، سیما ضیا ، نجیب ہارون کے نام شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جہانگیر رحمان ، خالد مسعود اور ظفراللہ خٹک بھی نام ای سی ایل میں آنے کے بعد بیرون ملک نہیں جاسکیں گے۔
عمران خان کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر
ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلہ کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی۔
امن ترقی پارٹی کے چیئرمین فائق شاہ کی جانب سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی، درخواست میں استدعا کی گئی کہ جھوٹا بیان حلفی جمع کروانے پر عمران خان کو 62 ون ایف کے تحت نا اہل کیا جائے، عمران خان سے بطور ایم این اے اور وزیراعظم حاصل کی گئیں تمام مراعات اور سہولیات واپس لی جائیں۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ فیصل واوڈا کے کیس میں بھی جھوٹ بیان حلفی جمع کروانے پر انکو نا اہل کیا گیا، نا اہلی کے ساتھ فیصل واوڈا کو تمام مراعات قومی خزانے میں جمع کروانے کا حکم دیا گیا تھا۔
فائق شاہ کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں عمران خان کو پارٹی چئیرمین شپ سے بھی ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔