اسلام آباد: (دنیا نیوز) ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کردی گئی جس میں الیکشن کمیشن کے عمران خان کو شوکاز نوٹس کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن میں شوکاز کا مؤثر دفاع کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے شوکاز کو الگ اور مؤثر کارروائی بنانے کا حکم دیا تھا مگر الیکشن کمیشن شوکاز ایسا ماننے سے انکاری ہے، اس نے شواہد کا دوبارہ جائزہ لینے سے بھی انکار کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو شواہد جمع کرنے والے گواہان کو طلب کرنے کیلئے بھی درخواست دی، الیکشن کمیشن نے درخواست مسترد کئے جانے کی جو وجوہات بیان کی ہیں وہ بھی ہائیکورٹ کے فیصلے سے متصادم ہیں۔
درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا 22 مارچ 2023ء کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شوکاز نوٹس بااختیار عہدیدار کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا، عدالت اسے غلط قرار دے اور اس درخواست کے فیصلے تک شوکاز نوٹس کے تحت کارروائی کو روکا جائے۔