میرانشاہ: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں کیخلاف کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا جبکہ پاک فوج کا سپاہی فرض پر قربان ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی، اس کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا امن دشمنوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشتگرد مارا گیا، دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی انصر علی شہید ہوگیا، 30 سالہ سپاہی انصر علی کا تعلق تعلق ناروال سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگرد سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔
بیان کے مطابق علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ملک میں امن لائیں گی۔