ایف آئی اے کا مونس الٰہی کی ضمانت کی منسوخی کیخلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ

Published On 10 August,2022 04:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) 24ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نےبڑا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مونس الہی کی ضمانت منظوری کے اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور کی بنکنگ عدالت نے مونس الہی کی 24ارب روپے منی لانڈرنگ کے الزام میں عبوری ضمانت کنفرم کردی تھی جس کے بعد ایف آئی اے نے مونس الہی کی ضمانت منسوخی کے لیے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے نے درخواست کا متن تیار کر کے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ کے آفس میں جمع کروا دیا۔

درخواست میں ایف آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے بنکنگ عدالت نے حقائق کے برعکس مونس الہی کی عبوری ضمانت کنفرم کی، 24ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں مونس الہی کی گرفتار درکار ہے اور پھر کیس کی مکمل تفتیش کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جاسکی۔ درخواست میں لاہورہائیکورٹ سے مونس الہی کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل ایف آئی اے کی درخواست کے متن کا قانونی طریقہ سے مکمل جائزہ لینے کے بعد لاہورہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔۔