لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت اور کارکنوں پر تشدد کے الزامات پر پنجاب حکومت نے 25 مئی کے واقعات پر فیصلہ کن کارروائی شروع کردی،12 ایس ایچ اوز کو معطل کردیا گیا۔
صوبائی وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ 12 ایس ایچ اوز معطل کرکے انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے، ن لیگ کے جن رہنماؤں کیخلاف تھانوں میں درخواستیں آئی ہیں ان کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا، رانا ثنااللہ اور عطا تارڑ کو بھی شامل تفتیش کیا جائیگا، پارلیمنٹ لاجز میں چھپے لوگوں کا جلد پنجاب میں استقبال کریں گے۔
ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور خواجہ آصف کے اداروں کیخلاف بیانات سب کے سامنے موجود ہیں، اگر اداروں کی جانب سے کہا گیا تو پولیس کارروائی کرے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق 12ایس ایچ اوز معطل کرنے کے بعد مزید ایس ایچ اوز کی معطلی کے لئے لسٹیں مکمل کی جارہی ہیں، ن لیگ سے وابستگی رکھنے والے ایس ایچ اوز کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔