لاہور: (ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ جو بھی مجھے نا اہل کرنے کے لیے سازش کررہا ہے اسے کہتا ہوں سن لومیرا مقابلہ لندن میں بیٹھے ہوئے ڈاکوسے نہ کرو، سازش کرنے والوں کان کھول کر سن لو میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔عوام میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگلے ہفتے راولپنڈی ،کراچی میں جلسے کروں گا، سندھ جاؤں گا، پشاور، مردان، اٹک، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، جہلم، گجرات، فیصل آباد والو آپ بھی تیار ہو جاؤ۔
لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں تحریک انصاف کے حقیقی آزادی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ اللہ صرف تیرے سے مدد مانگتے ہیں، جشن آزادی تقریب میں ماؤں، بہنوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، جہاں ایسے باشعور نوجوان ہو وہ ملک خوش قسمت ہوتے ہیں، آج میں نے حقیقی آزادی کا راستہ بتانا ہے، حقیقی آزادی کوحاصل کرنے کے لیے کیا قدم اٹھانے ہیں آج راستہ بتاؤں گا، چارقسم کی غلامی انسان کرتا ہے، قائداعظمؒ نے ہمیں ایک غلامی سے آزادی دلوائی۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے 75 سال پہلے کہا ہم انگریزکی غلامی سے نکل کر ہندوؤں کی غلامی میں نہیں جانا چاہتے، قائداعظم نے کہا ہم ایک آزاد ملک بننا چاہتے ہیں، جب پاکستان بن رہا تھا تو ایک نعرہ تھا پاکستان کا مطلب کیا اور تیرا میرا رشتہ کیا، ضمیر کا سودا کرنے والے راہِ حق سے ہٹ کر جھوٹے خدا کے سامنے جھکتے ہیں، خوف کا بت انسان کو غلام بنادیتا ہے، غلام قوم کبھی بھی اوپرنہیں جاسکتی۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ پاکستان جب بنا تو لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں، لاکھوں قربانیوں کے بعد ہمارا ملک آزاد ہوا تھا، غلامی انسان کے اندر احساس کمتری ڈال دیتی ہے، لاہور جمخانہ، پنجاب کلب کے لوگ انگریزوں کی طرح رہتے تھے، احساس کمتری ایسی تھی پاکستانی انگریز بننا چاہتے تھے، جب بیرون ملک کرکٹ کھیلنے گیا تو سینئرز کہتے تھے انگریزسے جیتنے کا سوچنا بھی مشکل ہے۔ احساس کمتری کی وجہ سے میچ ہار جاتے تھے، جب ہم ذہنی طور پر آزاد ہوئے تو میچ جیتنا شروع ہوگئے، قائداعظم نے ہمیں غلامی سے آزاد کر دیا، چودہ اگست کا جشن یہاں منائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ اسلام تلوار سے نہیں پھیلا، اسلام تلوار سے نہیں پھیلا، پہلے ذہنوں کے اندر انقلاب آیا تھا، ہم نے اپنے نبیﷺ کی سیرت پرچلتے ہوئے نوجوانوں کو پہلے ذہنی طور پر آزاد کرنا ہے، پاکستانیوں آج کل آپ پر خوف طاری کیا جارہا ہے، خوف کی غلامی سب سے خوفناک غلامی ہے، مسلمانوں کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ کربلا میں ہوا، کوفہ کے لوگوں کو پتا تھا حضرت امام حسینؑ راہ حق پرہیں، کوفہ کے لوگوں نے یزید کے خوف کی وجہ سے حضرت امام حسینؑ کی مدد نہیں کی بعد میں پچھتائے، تیسرا خوف یہ ہے نوکری یا کاروبار نہ ختم ہو جائے، ان تین خوف کی وجہ سے انسان راہ حق پر چلنے سے ڈرتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مخالفین 26 سال سے میری ہر قسم کی کردار کشی کر رہے ہیں، اللہ کی شان دیکھو آپ کی تعداد میری حوصلہ افزائی کر رہی ہے، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، جو موت سے ڈرتا ہو وہ زندگی میں کبھی بڑا کام نہیں کرسکتا، مدینہ کی ریاست میں ہمارے نبیﷺ نے انسانوں میں موت کا خوف ختم کردیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈر کی امت ہیں، ہم دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلا کر کیوں پھرتے ہیں، اللہ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے، غلام قوم کی پرواز کبھی اونچی نہیں جاسکتی، ہم نے اپنے بچوں کواپنے نبیﷺ کی سیرت پڑھانی ہے، جب وزیراعظم تھا تو میں نے رحمت اللعامین اتھارٹی بنائی تھی، پیارےنبی کی سیرت کو پڑھنے سے ہمیں دین اسلام بارے پتا چلے گا۔ میں اینٹی امریکن نہیں ہوں، امریکا میں سب سے طاقتور پاکستانی کمیونٹی ہے، ہماری سب سے زیادہ ایکسپورٹ امریکا سے ہے، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں لیکن غلامی نہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں، امریکا، یورپ کی نفسیات کو جانتا ہوں، اگر ان کے پاؤں میں گریں گے تو وہ ہمیں استعمال کریں گے، اگر ہم ان کی چمچہ گیری کریں گے تو وہ ہماری عزت نہیں کریں گے، اگر ہم اپنے ملک کے مفاد کے لیے کھڑے ہوں گے تو ان کو اچھا نہیں لگے گا لیکن آپ کی عزت کریں گے، 26سال پہلے بھی میری یہی پالیسی تھی، 26سال پارٹی کا آغاز کیا تو میرا نصب العین یہی تھا میں خود کبھی کسی کے سامنے جھکا نہ اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے مجھے سب سے زیادہ شہرت دی تھی، مجھے کیا ضرورت تھی سیاست میں ان گندے لوگوں کے ساتھ 26 سال ماتھا لگایا، میں نے اپنے ملک میں انگریز کی غلامی کی وجہ سے احساس کمتری دیکھی، کوئی انگریزآتا تھا تو یہ ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوجاتے تھے، اللہ سے وعدہ کیا تھا اگر مجھے موقع ملا تو کبھی قوم کو کسی کے آگے جھکنے نہیں دوں گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ سیاستدان ہمیں شرمندہ کراتے تھے، وزیردفاع خواجہ آصف کہتا ہے، امریکا نے ہمیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے، خواجہ آصف سے پوچھتا ہوں ملک کو وینٹی لیٹرپرڈالا کس نے؟ 30 سال سے دو خاندان حکمرانی کرتے رہے اور قوم کو مقروض کر دیا، پہلے قوم کو مقروض کیا اور اب کہتے ہیں امریکا کی غلامی نہ کی تو مرجائیں گے، ملک کا کرائم منسٹر کہتا ہے، امریکا کے بغیرجی نہیں سکتے تو ہرے پاسپورٹ کی کیا عزت ہوگی، وزیراعظم بھکاریوں کی طرح پھرتا ہے، کرکٹر تھا جب بیرون ملک جاتے تھے تو ہمیں بے عزت ہونا پڑتا تھا، ان حکمرانوں کی جائیدادیں بیرون ملک ہے، نوازشریف جب اوباما سے ملاقات کر رہا تھا تو کانپیں ٹانگ رہی تھیں، نوازشریف اتنا گھبرایا ہوا تھا اسے اوباما کو تھینک یو بھی پڑھ کرکہنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا سے دوستی کر رہا تھا لیکن غلامی کے لیے تیار نہیں تھا، ڈونلڈ ٹرمپ سے میرے تعلقات اچھے تھے، ٹرمپ نے مجھے سب سے زیادہ پروٹوکول دیا تھا، امریکا نے پرویز مشرف کو جنگ میں شرکت کے لیے دھمکی دی تھی، بدقسمتی سے مشرف نے اس وقت گھٹنے ٹیک دیئے، جنگ میں شرکت پر پاکستانی قوم نے بھاری قیمت ادا کی، امریکا کی جنگ میں شرکت کر کے ہمارے فوجی، شہریوں نے قربانیاں دیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دہشت گرد الطاف حسین 30 سال سے برطانیہ میں بیٹھا ہوا ہے، کیا برطانیہ ہمیں الطاف حسین پر ڈرون حملے کی اجازت دے گا؟ ہم امریکا کے اتحادی تھے اور امریکا نے 400 ڈرون حملے کیے، جب ڈرون حملے ہوتے تھے تو ہمارے حکمران چوہے بیٹھے ہوئے تھے جو احتجاج نہیں کرتے تھے، نوازشریف، زرداری کے اربوں ڈالر بیرون ملک پڑے تھے، نوازشریف،زرداری پیسے کی پوجا کرتے ہیں، انہوں نے ملک میں ظلم ہونے دیا، اینٹی امریکن نہیں ہوں لیکن قوم کے مفادات پرکسی قسم کا کمپرومائزکرنے کوتیارنہیں، پاکستان میں ہمارے سفیرسے ڈونلڈ لو نے ملاقات کی، ڈونلڈ لونے پاکستانی سفیرسے کہا عمران خان کو ہٹانا ہو گا ورنہ نتائج بھگتنا ہوں گے، ڈونلڈ لونے کہا تمہارا وزیراعظم روس چلا گیا، مجھے پتا چلا تومیں نے کہا یہ کون ہوتے ہیں مجھے کہنے والے کیا میں غلام ہوں؟
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ آزادی کی جشن کی رات ہے تھکنا نہیں، روس سے 40 فیصد کم قیمت پر پاکستانیوں کو سستا تیل ملنا تھا، صدرپیوٹن سستا تیل دینے کے لیے تیارتھے، امریکا اتنا ناراض ہوا کہا کہ عمران کوہٹادو، میں پاکستانیوں کے فائدے کے لیے روس گیا تھا، بھارت امریکا کا اسٹرٹیجک پارٹنرہے، بھارتی وزیرخارجہ نے امریکا سے کہا ہمارے لوگوں کوسستے تیل کی ضرورت ہے، تم کون ہوتے ہو، امپورٹڈ حکومت میں اتنی جرات نہیں تھی۔ واضح کردوں قوم کو کبھی غلامی نہیں کرنے دونگا، ہم سب مل کر اپنے قرضے اتاریں گے، آزادی آسانی سے نہیں ملتی قربانیاں دینا پڑتی ہیں، امپورٹڈ حکومت کو فارغ کرنے تک حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی، جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا ہم سب ملکرجدوجہد جاری رکھیں گے، ہمارے حکمران امریکا کے پیروں میں لیٹے ہوئے ہیں، قانون کی حکمرانی کے بغیر لوگ آزاد نہیں ہوسکتے، دیہاتوں کے لوگ تھانے، کچہری کی سیاست میں پھنسا ہوا ہے، طاقتور چوری کرتا ہے اسے ہمارا انصاف کا نظام نہیں پکڑسکتا، ہمارے نبی نے مدینہ کی ریاست میں انصاف دے کرلوگوں کوآزاد کیا تھا، جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس حکومت کو گھر نہیں بھیجتے اور الیکشن نہیں ہوتے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کمزوروں کوانصاف دلوانا ہو گا، 25 مئی کو ہمارے پُر امن احتجاج پر بدترین شیلنگ کی گئی، تحریک انصاف حکومت میں دو دفعہ، فضل الرحمان، ایک دفعہ کانپیں ٹانگنے والی دھرنے دیئے، ہم نے کسی پر تشدد نہیں کیا تھا، پہلے حکومت گرائی پھر پرامن احتجاج پرتشدد کیا گیا، شہبازگل کو اٹھالیا اوراس پر بھی تشدد کیا گیا، شہباز گل کو انصاف کا موقع ملنا چاہیے، شہباز گل کے ڈرائیور کی دس ماہ کی بچی کو بھی اٹھالیا گیا، یہ اس لیے آپ لوگوں کو ویڈیو دکھا رہا ہوں یہ خوف طاری کیا جا رہا ہے، جوبھی یہ سارے سازشی کررہے ہیں کان کھول کر سن لو! تم اب اس قوم کونہیں روک سکتے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ سب کو چودہ اگست کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اپنی زندگی کی سب سے بہترین چودہ اگست کا جشن منایا، میرا دل کہہ رہا ہے اگلی چودہ اگست تک ہم اپنی حقیقی آزادی لے چکے ہوں گے۔ قوم کے خلاف سازش ہو رہی ہے، ہم نے اس سازش کو پاش پاش کرنا ہے، میر جعفر، میر صادق نے پہلے ہماری حکومت گرائی ان کا خیال تھا لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے، قوم سازش کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی، 25مئی کوانہوں نے چھاپے مار کر لوگوں کوڈرایا، جب پنجاب کے ضمنی الیکشن آئے توہم نے دھاندلی کے باوجود ان کوپھینٹا لگایا، واحد کپتان تھا بھارت کے اندر ہی بھارتی ٹیم کو پھینٹا لگا کرآیا تھا، انہوں نے انتظامیہ، امپائروں کو ساتھ ملایا ہوا تھا، چیف الیکشن کمشنرنے ہرقسم کی دھاندلی کی، بزدل آدمی کوپیچھے سے ایک جوتا پڑا تواس نے پوری مدد کی، لاہورکے لوگوں نے ضمنی الیکشن میں ان کوشکست دی۔ انہوں نے ایک نیا پلان بنایا ہے، میرے خلاف کیسز کر کے مجھے نااہل کر کے بھگوڑے کو لندن سے لانا چاہتے ہیں، جوبھی یہ سازش کررہا ہے سن لومیرا مقابلہ ڈاکوسے نہ کرو، سازش کرنے والوں کان کھول کرسن لومیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرقی پاکستان جب ٹوٹا تو ملک کا نقصان ہوا، آج پھر وہی سازش اورمیرے خلاف ہرقسم کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے میں اپنے ملک کی فوج کو کمزورکروں، بیرون ملک سے اتنی سازشیں ہو رہی ہیں میں کبھی نہیں چاہوں گا فوج کمزور ہو، نوازشریف، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، ایازصادق، خواجہ آصف کے افواج پر تنقید کرنے والے چوہے ہمیں آج غدارکہہ رہے ہیں، یہ کمپین چلارہے ہیں تحریک انصاف فوج کے خلاف ہے، میری تنقید تعمیری ہوتی ہے جس طرح ایک باپ اپنے بچوں کی اصلاح کرتا ہے، جن کا پیسہ اورسب کچھ باہر وہ مجھے غدارکہہ رہے ہیں، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو فوج کے خلاف کھڑا کرنا ملک کے خلاف سب سے بڑی سازش ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگوں کو پکڑ کر کہا جا رہا ہے عمران خان کے خلاف بیان دو، عوام میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگلے ہفتے پنڈی اورپھرکراچی میں جلسے کروں گا، زرداری بڑا لیٹرا ہے اس نے سندھ کی عوام کوغلام بنایا ہوا ہے، سندھ کے لوگوں میں آ رہا ہوں، پشاور، کوئٹہ، مردان، اٹک، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، جہلم، گجرات، فیصل آباد والو تیار ہو جاؤ۔ حقیقی آزادی کی جنگ آخری اورفیصلہ کن مرحلے میں ہے، نوجوانوں کی ٹائیگرفورس بنارہا ہوں، حقیقی آزادی کا پیغام خواتین، نوجوان گھر، گھر پہنچائیں، آپ کا کپتان خوفزدہ نہیں تو آپ کوبھی کوئی ڈرنہیں ہونا چاہیے، کارکنوں کوڈیزل باربارکیوں یاد آجاتا ہے۔
25 مئی کو رانا ثناء جو تم نے گولیاں چلائیں، جلد جیل بھیجیں گے: پرویز الٰہی
اس سے قبل نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان میرے قائد ہیں، ان کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہوئے اب وہ صرف پاکستان کے نہیں دنیائے اسلام کے لیڈر بن گئے ہیں، تمام مسلمانوں کی دعا بنے ہیں، یہ سارے کا سارا کریڈٹ پورے پاکستان کو جاتا ہے، پاکستان کو دنیائے اسلام میں کھڑا کر کے رکھ دیا ہے۔ میں خان کے ویژن کو آگے لیکر چلوں گا، ان کی کاوشیں لیکر آگے چلوں گا، میرا محور عام آدمی، غریب آدمی اور مفت تعلیم دینا تھا، میرا ویژن تھا جہاں عوام کو تکلیف ہو وہاں سکون پہنچایا جائے، ریسکیو 1122 بہترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 2004ء وزیراعلیٰ پنجاب بنتے ہی تعلیم فری کر دی تھی اور کتابیں بھی فری دی تھیں، ورلڈ بینک کی میٹنگ میں میرا نام لیکر سراہا جاتا تھا، اس میٹنگ چین، اور ہندوستان کے چھوٹے صوبوں کو کہا جاتا تھا کہ پاکستانی پنجاب کو فالو کیا جائے۔ پاکستان اسلام کے نظریہ پر عمل میں آیا تھا، مسلمانوں کی بہت قربانیاں ہیں، میرے قائد اور آپ کے قائد جناب قائداعظم نے جو ویژن دیا تھا اس کو عمران خان نے آگے بڑھایا تھا۔ حضور ﷺ کے رہنمائے اصولوں کو لیکر آگے چل رہا ہوں، اس ویژن کی عملی مثال سود کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے میں قانون لا رہا ہوں جو سود کا کام کرے گا اس کو پانچ سال کی قید سنائی جائے گی۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد بیگم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہیلتھ کارڈ کو زبردست طریقے سے آگے بڑھایا، حمزہ شہباز کی حکومت نے اس کو بند کر دیا تھا، وہ ہم نے اتنی تیزی سے شروع کیا ہے یہ کارڈ اب ہر جگہ پہنچے گا، دیہاتوں اور صوبے کے تمام شہروں میں پہنچے گا، تاجروں کا کاروبار وفاقی حکومت نے ٹھپ دیا، میں نے تاجروں سے آتے ہی ملاقات کی اور ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ رات نو بجے دکانیں بند کرنے کا حکمنامہ واپس لے لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے قائد عمران خان سے بات کی تھی کہ میں آپ کے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے پچیس مئی کو خوفناک تشدد کا سامنا کیا۔ جنہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ زیادتی کی ہے، ان سے بدلہ لیا جائے گا۔ ان کی سات سات پشتیں بھی یاد رکھیں گی، کہ کوئی آیا تھا تو اس نے ایسا جواب دیا کہ یہ سب یاد رکھیں گے، جو بھی کروں گا قانون کے تحت کروں گا، مجھے سب کچھ آتا ہے قانون کے تحت کرنا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تم سن لو! تمہیں ضرور پھانسی ہو گی، میرے دل میں بات اتر گئی جب میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا 25 مئی کو گولیاں چل رہی تھیں، اس وقت حاملہ خاتون پر بھی تشدد کیا گیا، اللہ کے گھر میں دیر ہے اندھیر نہیں، رانا ثناء اللہ تم جیل کے پیچھے جانے والے ہو۔ ہم کیس لانے والے ہیں، مجھے اللہ پر پورا یقین ہے رانا ثناء اللہ کو پھانسی کی سزا ہو گی، عمران خان صاحب چاہیں تو بیشک ان کو عمر قید کی سزا سنا دیں، اب شریف خاندان کے لوگ نہیں بچیں گے۔ عمران خان نے قوم کو ایک نیا نظریہ دیا ہے، یہ لوگوں کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 75 ویں یوم آزادی پر ہمیں سوچنا چاہیے کہ کیا وجہ ہے کہ پاکستان پیچھے رہ گیا ہے، ہمارے پاس سکیمیں ہیں، ویژن ہے، ایمان کی طاقت ہے، تمام بحرانوں کا خاتمہ کریں گے اور سب ملکوں سے آگے نکلیں گے۔ پنجاب میں خان صاحب کا ویژن آگے لیکر چلوں گا، احساس پروگرام اس کی بہترین مثال ہے، صوبے میں مہنگائی ختم کرنے کا بہترین منصوبہ میرے پاس موجود ہے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی میں تمام دوائیاں فری ملیں گی، ریسکیو 1122 میں جدت لا رہے ہیں، جہاں پر کال آئے گی وہاں پر موٹر سائیکل بھی جائینگی، تمام سہولیات بھی ملیں گی، ڈاکٹروں کے لیے اچھی خبر ہے جو ایمرجنسی میں کام کرے گا ، اگر اس کی تنخواہ ایک لاکھ روپے ہے تو جلد اڑھائی لاکھ روپے ملنا شروع ہو جائے گی۔
پاک فوج سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی کو پاک فوج کے ساتھ لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے یہ منصوبہ ناکام ہو گا، میں شریفوں کے لیے بری خبر ہے، پاک فوج اور عمران خان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، ساتھ چلے تھے اور آئندہ بھی چلیں گے، کوئی بھی غلط فہمی میں نہ رہے۔ ڈان لیکس کس نے چلائی، یہ شریف خاندان کا کیا دھرا تھا، کشمیر کی سرحدوں پر پاک فوج کے جوان شہید ہو رہے تھے عین اسی وقت نواز شریف بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو ساڑھیاں بھجوا رہے تھے اور جاتی عمرہ بلا رہے تھے۔