لاہور: (ویب ڈیسک) قوم آج 75واں یوم آزادی اس عزم کی تجدیدکے ساتھ منائے گی کہ پاکستان کوایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ کام کیاجائیگا ۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہو گا۔ دن کے آغاز پرمساجد میں ملک میں امن، یکجہتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیںگی۔ تقریبات کانکتہ عروج اسلام آباد میں قومی پرچم لہرانے کی تقریب ہوگی۔
قومی پرچم لہرانے کی ایسی تقریبات ملک بھرمیں صوبائی، ڈویژنل اورضلعی ہیڈکوارٹرزکی سطح پر بھی منعقد کی جائیں گی۔ریڈیو پاکستان اورپاکستان ٹیلی ویژن اس دن کی مناسبت سے تحریک پاکستان کے مشاہیرکی خدمات اجاگر کریںگے اورپاکستان کوحقیقت کاروپ دینے میں ان کی غیرمعمولی خدمات کوخراج عقیدت پیش کریںگے۔
اُدھر ملک کے تمام شہروں میں شاہراہوں پر پرچم، بیجز، سٹیکر، بڑوں اور بچوں کے لئے پرچمی لباس فروخت کرنے کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔مختلف سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں جبکہ بڑی سرکاری اور نجی عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے مزین کیا گیا ہے۔