دوبارہ جسمانی ریمانڈ، شہباز گل نے فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

Published On 17 August,2022 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

شہباز گل نے اپنے وکلا کے ذریعے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کے فیصلے کو چیلنج کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج، آئی جی اور ایس ایس پی اسلام آباد سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ شہبازگل کو 9 اگست کو گرفتار کر کے 10 اگست کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور وہاں سے 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا پھر 12 اگست کو شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

درخواست کے مطابق پراسیکیوشن نے حکم کو سیشن کورٹ میں چیلنج کیا، ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جس کا آرڈر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست کو دوبارہ زیر غور لا کر نئے سرے سے فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔

شہبازگل کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج نے 17 اگست کوشہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ 

شہباز گل کو اغوا، تشدد کیا گیا، یہ میرے خلاف سازش کا حصہ ہے: عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنما شہباز گل کو دوبارہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مجھے ٹارگٹ کرنے کی سازش کا حصہ ہے اس میں ان سے زبردستی جھوٹا بیان لیا جائے گا۔

 سابق وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر دوبارہ پولیس کے حوالے کرنے پر انہیں تشویش ہے۔

ان کا کہنا تھا اغوا کرکے بعد نامعلوم مقام پر اور پھر پولیس سٹیشن میں ہونے ہونے والے تشدد کے بعد شہباز گل کی ذہنی اور جسمانی صحت ٹھیک نہیں۔ یہ مجھے ٹارگٹ کرنے کی سازش کا حصہ ہے جس میں شہباز گل سے زبردستی جھوٹا بیان لیا جائے گا جس طرح سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے لیا گیا۔ یہ بالکل قابل قبول نہیں۔‘

عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نہ صرف شہباز گل کے خلاف ہونے والے تشدد بلکہ اس طرح کے غیرقانونی اور غیرآئینی کارروائیوں کے خلاف تمام سیاسی اور قانونی اقدامات اٹھائیں گے۔

Advertisement