اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہبازگل اوورسیز پاکستانی اور کمزور ہیں اس لیے پکڑے گئے، ان کیخلاف مقدمے بوگس، حکومتی وکلاء دلائل دینے کو تیار نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ حکومتی وکیل عدالت سے دلائل کے لیے وقت مانگتا رہا ہے، حکومت کی جانب سے شہبازگل پرمقدمہ کمزور ہے، یہ مقدمہ وہی ہے جو مولانا فضل الرحمان نے کیا تھا، شہبازگل امریکہ میں پروفیسر ہیں، دہشت گرد تنظیموں سے تعلق نہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی پالیسی ملک میں چل رہی ہے، پہلے بھی شہباز گل پر مظالم کیے گئے، ان پرظلم کی انتہا کی جارہی ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، پوری پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے، پی ٹی آئی اور عمران خان شہباز گل کے ساتھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی ورکرز پر تشدد بڑھتا جارہا ہے، 25مئی کے واقعات پر پنجاب حکومت مہذب طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے، عطا تارڑ نے آج ضمانت کروائی جو اچھی بات ہے۔