آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کی درخواست، آج مختصر فیصلہ سنایا جائے گا

Published On 19 August,2022 01:52 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کے لئے سپریم کورٹ میں حکومتی درخواست پر سماعت ہوئی۔ حکومتی وکلاء نے انتخابات کے لئے 25 مئی 2023 تک کا وقت مانگا ہے، وکلاء کے دلائل مکمل ہوگئے جبکہ عدالت آج ہی مختصر فیصلہ سنائے گی۔

بلدیاتی انتخابات کے التواء کے لئے حکومتی درخواست پر آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے فل بینچ نے سماعت کی۔ دوران دلائل حکومتی وکلاء کا کہنا تھا کہ ملکی سکیورٹی صورتحال، فورسز کی کمی اور مالی مسائل کے سبب بلدیاتی انتخابات کروانا ممکن نہیں ہے، حکومت کو 25 مئی تک کا وقت دیا جائے۔

عدالت میں دلائل دیتے ہوئے آزادجموں و کشمیر بار کونسل کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ بلدیاتی الیکشن کے لئے جاری شیڈول پر عملدرآمد کروایا جائے جبکہ انتخابات کے التوا کے لئے حکومت بدنیتی سے کام لے رہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکومتی درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد حکومتی درخواست پر عدالت آج ہی مختصر حکم سنائے گی۔
 

Advertisement