گجرات: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان ستمبر میں گجرات آرہے ہیں اور وہی ہمارے وزیراعظم ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وقت اتنا کم ہے ہم ایک دن میں ضائع نہیں کررہے ہیں۔ گجرات نے دل سے عمران خان کو وزیراعظم تسلیم کرلیا ہے شہباز شریف نے ایمرجنسی میں ادویات بند کردی تھی ہم نے دوبارہ ایمرجنسی میں مفت ادویات فراہمی شروع کردی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گجرات میں انجینئرنگ یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔ وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال کو500 بیڈ کی گنجائش والا کردیا ہے جبکہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کو بھی 500 بیڈ تک توسیع کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ایک ایک گھنٹہ بھی قیمتی ہے ضائع نہیں کررہے پہلے بھی جنوبی پنجاب کا احساس محرومی ختم کیا اب بھی کریں گے۔ ریسکیو 1122 کیلئے 170 ایمبولینس تقسیم کی ہیں جبکہ گجرات کو ایک مثالی شہر بنائیں گے صاف پانی کے لیے انتظام کیا جارہا ہے شہر اور دیہاتوں میں بھی پکی سڑکیں بنائیں گے۔