شوکت ترین اور محسن لغاری کی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو لیک

Published On 29 August,2022 01:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)آئی ایم ایف پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی بڑی سازش سامنے آ گئی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سینیٹر شوکت ترین کی پنجاب کے وزیرخزانہ محسن لغاری کے ساتھ مبینہ ٹیلیفونک گفتگو لیک ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹیلیفونک گفتگو میں شوکت ترین کو محسن لغاری سے کہتے سنا جا سکتا ہے کہ آئی ایم ایف کو 750 ارب کا جو کمٹمنٹ سائن کر کے دیا ہے ،اس سے پیچھے ہٹنا ہے، آپ نے کہنا ہے کہ ہماری کمٹمنٹ سیلاب سے پہلے کی تھی ،ترین سیلاب کی وجہ سے اب ہم کمٹمنٹ پوری نہیں کرسکتے،ہم چاہتے ہیں کہ دباؤ بڑھے، یہ ہمیں اندر کرارہے ہیں، دہشتگردی کے مقدمے بنوا رہے ہیں۔

محسن لغاری نے کہا کہ سر اس سے ہماری ریاست کو نقصان تو نہیں ہوگا ؟ جس پر شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ریاست کو نقصان اس سے ہورہا ہے جس طرح سے یہ آپ کے چیئرمین کو ٹریٹ کریں گی، آئی ایم ایف کہے گا کہ یہ پیسے کہاں سے پورے کریں گے ، پھر یہ منی بجٹ لائیں گے ،وہ ہمیں مس ٹریٹ کر رہے ہوں اور ریاست کے نام پر بلیک میل کرتے جائیں ،یہ نہیں ہوسکتا۔

شوکت ترین نے تیمور جھگڑا سے مکالمے میں کہا کہ کیا آپ نے خط بنا لیا ہے، جس پر تیمور جھگڑا نے کہا کہ ابھی بناتا ہوں، سینیٹر تحریک انصاف شوکت ترین نے کہا کہ خط میں پوائنٹ بنائیں کہ سیلاب نے بیڑا غرق کردیا، بحالی کیلئے رقم چاہئیے، ہم آئی ایم ایف کو بھی کاپی بھیج دیں گے تاکہ انہیں پتہ چلے۔
 

Advertisement