عمران حکومت کی نااہلی سے ملک آج مشکلات کا شکار ہے: شاہد خاقان

Published On 01 September,2022 03:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے ملک آج مشکلات کا شکارہے، سابق دور میں مسائل حل کرنے کے بجائے مسلسل جھوٹ بولا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت بھی سیلاب متاثرین کے بجائے اپنی سیاست بچانے میں لگے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے جان بوجھ کر بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی اور پیٹرول کی قیمت کم کی، جس کی وجہ سے مسائل بڑھے، حکومت نے مشکل فیصلے کرکے ملک دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے، عمران خان نے پاکستان کی ساکھ کونقصان پہنچایا، انہیں عوام کو جواب دینا پڑےگا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 4 سال معاہدوں کو توڑا اور شوکت ترین نے آخری معاہدے کو نہ صرف توڑا بلکہ ملک کو مشکل میں ڈالا، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین مختلف جماعتوں میں رہے ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا وقت نہیں آیا کہ مشکل فیصلے کیے لیکن مفتاح اسماعیل نے جس لگن سے کام کیا وہ تاریخی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی سوچ یہی رہی کہ اپنی سیاست بچاؤں، جعلی پرچے بن سکتے ہیں، اس میں دیر نہیں لگتی لیکن ہم نے کبھی ایسا نہیں کیا۔