ترکیہ کے 2 وزراء اسلام آباد پہنچ گئے، سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے

Published On 02 September,2022 09:34 am

اسلام آباد (دنیا نیوز) ترکیہ کے 2 وزراء وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے، ترکیہ کے وزراء اور وفد پاکستان میں مختلف رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے، ترکیہ کا وفد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور شیری رحمان نے نیو ایئرپورٹ پر وفد کا استقبال کیا، وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے ترکیہ کے وفد کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگا کیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے صدر اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ترکیہ نے دکھ کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ کے جذبے کو کبھی نہیں بھلا سکیں گے،ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں،عوام کی طرف سے ترکیہ کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہیں
شیری رحمان نے کہا کہ ترکیہ نے ہمشیہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا مخلص دوست ہے،اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے ترکیہ جیسا دوست پاکستان کو دیا ہے۔

ترکیہ کے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترکیہ کے صدر اور عوام کا سلام پیش کرتے ہیں، مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے غم میں برابر شریک ہیں، دعا ہے اللہ پاکستان کو جلد اس آفت سے نکالے، ترکیہ کی 9 ہزار مساجد میں پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے خصوصی دعا ہوگی، ترکیہ سے امدادی سامان کے11 جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں، ترکیہ سے امدادی سامان لے کر 2 ٹرینیں بھی 6 روز میں پاکستان پہنچیں گی۔

ترکیہ کے وزیرماحولیات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ بھائی اور گہرے دوست ہیں، پاکستانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دعا ہے پاکستان اس مشکل سے جلد نکل آئے، جب تک پاکستانی عوام نہیں کہیں گے فضائی اور ٹرین کے راستے مدد جاری رکھیں گے۔

 

Advertisement