سیلاب: 24 گھنٹوں میں مزید 19 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 1186 ہوگئی

Published On 01 September,2022 09:24 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 19 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1186 ہوگئی۔

 این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 12 ، خیبر پختونخوا میں 4 اور بلوچستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، سیلاب اور بارشوں سے سب سے زيادہ 432 اموات سندھ میں ريکارڈ کی گئیں، بلوچستان میں 256، خيبرپختونخوا میں 268، پنجاب میں 188، گلگت بلتستان میں 22 جبکہ آزاد کشمیر میں 41 افراد زندگى کى بازى ہار گئے، بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں میں 526 مرد، 244 خواتين اور 416 بچے شامل ہیں۔

دوسری جانب فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ، گدو اور سکھر بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا، کوٹری کے مقام پر درمیانے درجے جبکہ چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور دریائے کابل میں بھی پانی کی سطح بتدریج کم ہورہی ہے، نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل اور دریائے سندھ میں بھی پانی کا بہاؤ نمایاں کمی کیساتھ 77 ہزار کیوسک پر آچکا ہے۔

Advertisement