متاثرین سیلاب کے مسائل کم کرنے کیلئے پاک فوج مدد کرتی رہے گی: آرمی چیف

Published On 01 September,2022 08:54 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یقین دہانی کرائی کہ اس مشکل وقت میں متاثرین سیلاب کے مسائل کو کم کرنے کے لئے پاک فوج مدد کرتی رہے گی۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو ڈی آئی خان اور روجھان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، آر می چیف نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ اس مشکل وقت میں متاثرین سیلاب کے مسائل کو کم کرنے کے لئے پاک فوج مدد کرتی رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق روجھان دورہ کے موقع پر آرمی چیف نے پاک فوج کے زمینی دستوں کو ہدایات دیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں عظیم مقصد سمجھ کر ادا کریں اور سیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مشکلات کم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وہاں پر فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرہ لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔

بعد ازاں سربراہ پاک فوج نے ڈی آئی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، سیلاب متاثرین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے انہیں تسلی دی اور اس قدرتی آفت کے دوران مقامی باشندوں کی ہمت کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے ایف سی جنوبی کے پی کے دستوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ ضرورت کی اس گھڑی میں کے پی کے بہادر لوگوں کی بروقت مدد کو یقینی بنائیں۔
 

Advertisement